Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
28 verses
1اَے خُداوند! جو مجھ سے جھگڑتے ہیں تُو اُن سے جھگڑ۔ جو مجھ سے لڑتے ہیں تُو اُن سے لڑ۔
2ڈھال اور سپر لیکر میری کمک کے لئے کھڑا ہو۔
3بھالا بھی نکال اور میرا پیچھا کرنے والوں کا راستہ بند کردے۔ میری جان سے کہہ میں تیری نجات ہوں۔
4جو میری جان کے خواہاں ہیں وہ شرمندہ اور رسوا ہوں۔ جومیرے نُقصان کا منصوبہ باندھتے ہیں وہ پسپا اور پریشان ہوں۔
5وہ ایسے ہوجائیں جیسے ہوا کے آگے بھُوسا اور خُداوند کا فرشتہ اُن کو ہانکتا رہے۔
6اُنکی راہ اندھیری اور پھسلنی ہوجائے اور خُداوند کا فرشتہ اُن کو رگیدتا جائے۔
7کیونکہ اُنہوں نے بے سبب میرے لئے گڑھے میں جال بچھایا اور ناحق میری جان کے لئے گڑھا کھودا ہے۔
8اُس پر ناگہان تباہی آپڑے اور جس جال کو اُس نے بچھایا ہے اُس میں آپ ہی پھنسے اور اُسی ہلاکت میں گرفتار ہو۔
9لیکن میری جان خُداوند میں خُوش رہیگی اور اُس کی نجات سے شادمان ہوگی۔
10میری سب ہڈیاں کہینگی اَے خُداوند! تجھ سا کون ہے جو غریب کو اُس کے ہاتھ سے جو اُس سے زور آور ہے اور مسکین ومحتاج کو غارتگر سے چھڑاتا ہے؟
11جھوٹے گواہ اُٹھتے ہیں اور جو باتیں میں نہیں جانتا وہ مجھ سے پوچھتے ہیں۔
12وہ مجھ سے نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ میری جان بیکس ہوجاتی ہے۔
13لیکن میں نے تو اُن کی بیماری میں جب وہ بیمار تھے ٹاٹ اوڑھا اور روزے رکھ رکھ کر اپنی جان کو دُکھ دیا اور میری دُعا میرے ہی سینہ میں واپس آئی۔
14میں نے تو ایسا کیا گویا وہ میرا دوست یا میرابھائی تھا۔ میں نے سر جھکا کر غم کیا جیسے کوئی اپنی مان کے لئے ماتم کرتا ہو۔
15پر جب میں لنگڑانے لگا تو وہ خُوش ہو کر اکٹھے ہوگئے۔ کمینے میرے خلاف اکٹھے ہوئے اور مجھے معلوم نہ تھا۔ اُنہوں نے مجھے پھاڑا اور باز نہ آئے۔
16ضیافتوں کے بدتمیز مسخروں کی طرح اُنہوں نے مجھ پر دانت پیسے۔
17اَے خُداوند! تُو کب تک دیکھتا رہیگا؟ میری جان کو اُن کی غارتگری سے۔ میری جان کو شیروں سے چھڑا۔
18میں بڑے مجمع میں تیری شکرگذاری کرونگا۔ میں بہت سے لوگوں میں تیری ستایش کرونگا۔
19جو ناحق میرے دُشمن ہیں مجھ پر شادیانہ نہ بجائیں اور جو مجھ سے بے سبب عداوت رکھتے ہیں چشمک زنی نہ کریں۔
20کیونکہ وہ سلامتی کی باتیں نہیں کرتے۔ بلکہ مُلک کے امن پسند لوگوں کے خلاف مکر کے منصوبے باندھتے ہیں۔
21یہاں تک کہ اُنہوں نے خوب مُنہ پھاڑا اور کہا اہا ہاہا! ہم نے اپنی آنکھ سے دیکھ لیا ہے۔
22اَے خُداوند! تُو نے خُود یہ دیکھا ہے۔ خاموش نہ رہ۔ اَے خُداوند! مجھ سے دُور نہ رہ۔
23اُٹھ! میرے انصاف کے لئے جاگ اور میرے معاملہ کے لئے اَے میرے خُدا! اَے میرے خُداوند!
24اپنی صداقت کے مطابق میری عدالت کر۔ اَے خُداوند میرے خُدا! اور اُن کو مجھ پر شادیانہ بجانے نہ دے۔
25وہ اپنے دِل میں یہ نہ کہنے پائیں اہا! ہم تو یہی چاہتے تھے۔ وہ یہ نہ کس کہ ہم اُسے نگل گئے۔
26جو میرے نُقصان سے خُوش ہوتے ہیں وہ باہم شرمندہ اور پریشان ہوں۔ وہ میرے مقابلہ میں تکبر کرتے ہیں وہ شرمندگی اور رسوائی سے مُلبس ہوں۔
27جو میرے سچے معاملہ کی تائید کرتے ہیں وہ خُوشی سے للکاریں اور شاد ہوں۔ وہ سدا یہ کہیں خُداوند کی تمجید ہو۔ جس کی خوشنودی اپنے بندہ کی اقبالمندی میں ہے۔
28تب میری زبان سے تیری صداقت کا ذکرہوگا اور دِن بھر تیری تعریف ہوگی۔