Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
18 verses
1اَے خُدا !خاموش نہ رہ ۔اَے خُدا چُپ چاپ نہ ہو اور خاموشی اختیار نہ کر!
2کیونکہ دیکھ تیرے دُشمن اُودھم مچاتے ہیں اور تجھ سے عداوت رکھنے والوں نے سر اُٹھایا ہے۔
3کیونکہ وہ تیرے لوگوں کے خلاف مکاّری سے منصُوبہ باندھتے ہیں۔ اور اُنکے خلاف جو تی��ی پناہ میں ہیں مشورہ کرتے ہیں۔
4اُنہوں نے کہا آؤ ہم اِنکو کاٹ ڈالیں کہ اِنکی قُوم ہی نہ رہے اور اِسراؔئیل کے نام کا پھر ذِکر نہ ہو۔
5کیونکہ اُنہوں نے ایکا کر کے آپس میں مشورہ کیا ہے وہ تیرے خلاف عہد باندھتے ہیں۔
6یعنی ادؔوم کے اہلِ خَیمہ اور اسمٰعیلی موآؔب اور ہاجؔری ۔
7جؔبل اور عمّؔون اور عماؔلیِق ۔ فلِستیؔن اور صُوؔر کے باشِندے۔
8اسُوؔر بھی ان سے مِلا ہُوا ہے۔ اُنہوں نے بنی لوُط کی کُمک کی ہے۔
9تُو اُن سے اَیسا کر جَیسا مِدیاؔن سے اور جَیسا وادیِ قیِسُؔون میں سِیؔسر اور یابِیؔن سے کیا تھا۔
10جو عَیؔن دور میں ہلاک ہوئے۔ وہ گویا زمین کی کھاد ہو گئے۔
11اُنکے سرداروں کو عوریؔب اور زئیؔب کی مانند بلکہ اُنکے شاہزادوں کو زِبؔح اور ضلمؔنُع کی مانند بنا دے ۔
12جنہوں نے کہا ہے آؤ ہم خُدا کی بستیوں پر قبضہ کرلیں۔
13اَے میرے خُدا ! اُنکو بگولے کی گرد کی منند بنا دے اور جَیسے ہوا کے آگے ڈنٹھل۔
14اُس آگ کی طرح جو جنگل کو جلا دیتی ہے۔ اُس شُعلہ کی طرح جو پہاڑوں میں آگ لگا دیتا ہے۔
15تُو اِسی طرح اپنی آندھی سے اُنکا پیچھا کر اور اپنے طُوفان سے اُنکو پریشان کر دے۔
16اَے خُداوند! اُنکے چہروں پر رُسوائی طاری کر تاکہ وہ تیرے نام کے طالب ہوں۔
17وہ ہمیشہ شرمِندہ اور پریشان رہیں۔ بلکہ رُسوا ہو کر ہلاک ہو جائیں۔
18تاکہ وہ جان لیں کہ تُو ہی جِسکا نام یہوؔواہ ہے تمام زمین پر بلند و بالا ہے۔