Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
32 verses
1جب تک تُم دُنیا میں زندہ رہو تُم احتیاط کر کے اِن ہی آئین اور احکام پر اُس ملک میں عمل کرنا جسے خدوند تیرے باپ دادا کے خدا نے تُجھ کو دیا ہے تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے ۔
2وہاں تُم ضرور اُن سب جگہوں و نیست و نابود کر دینا جہاں جہاں وہ قومیں جنکے تُم وارث ہو گے اونچے اونچے پہاڑوں پر اور ٹیلوں پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نیچے اپنے دیوتاوں کی پوجا کرتی تھیں ۔
3تُم اُنکے مذبحوں کو ڈھا دینا اور اُنکے ستونوں کو توڑ ڈالنا اور اُنکی یسیرتوں کو آگ لگا دینا اور اُنکے دیوتاوں کی کھُدی ہوئی مورتوں کو کاٹ کر گِرا دینا اور اُس جگہ سے اُنکے نام تک کو مٹا ڈالنا ۔
4پر خداوند اپنے خدا سے ایسا نہ کرنا ۔
5بلکہ جس جگہ کو خداوند تمہارا خدا تمہارے سب قبیلوں میں سے چُن لے تاکہ وہاں اپنا نام قائم کرے تُم اُسکے اُسی مسکن کے طالب ہو کر وہاں جایا کرنا ۔
6اور وہیں تُم اپنی سوختنی قُربانیوں اور ذبیحوں اور دہ یکیوں اور اُٹھانےکی قُربانیوں اور اپنی منتوں کی چیزوں اور اپنی رضا کی قُربانیوں اور گائے بیلوں اور بھیڑ بکریوں کے پہلوٹھوں کو گذراننا ۔
7اور وہیں خداوند اپنے خدا کے حضور کھانا اور اپنے گھرانوں سمیت اپنے ہاتھ کی کمائی کی خوشی بھی کرنا جس میں خداوند تیرے خدا نے تجھ کو برکت بخشی ہو ۔
8اور جیسے ہم یہاں جو کام جسکو ٹھیک دکھائی دیتا ہے وہی کرتے ہیں ایسے تُم وہاں نہ کرنا ۔
9کیونکہ تُم اب تک اُس آرام گاہ اور میراث کی جگہ تک جو خداوند تیرا خدا تجھ کو دیتا ہے نہیں پہنچے ہو ۔
10لیکن جب تُم یردن پار جا کر اُس ملک میں جسکا مالک خداوند تمہارا خدا تُم کو بناتا ہے بس جاو اور وہ تمہارے سب دشمنوں کی طرف سے جو گردا گِرد ہیں تُُم کو راحت دے اور تُم امن سے رہنے لگو ۔
11تو وہاں جس جگہ کو خداوند تمہارا خدا اپنے نام کے مسکن کے لیے چُن لے وہیں تُم یہ سب کچھ جسکا میں تُم کو حکم دیتا ہوں لے جایا کرنا یعنی اپنی سوختنی قُربانیاں اور اپنے ذبیحے اور اپنی دہ یکیاں اور اپنے ہاتھ کے اُٹھائے ہوئے ہدیے اور اپنی خاص نذر کی چیزیں جنکی منت تُم نے خداوند کے لیے مانی ہو ۔
12اور وہیں تُم اور تمہارے بیٹے بیٹیاں اور تمہارے نوکر چاکر اور لونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تمہارے پھاٹکوں کے اندر رہتا ہو اور جسکا کوئی حصہ یا میراث تمہارے ساتھ نہیں سب کے سب ملکر خداوند اپنے خدا کے حضور خوشی منانا ۔
13اور تُو خبردار رہنا تا ایسا نہ ہو کہ جس جگہ کو دیکھ لے وہیں اپنی سوختنی قُربانی چڑھائے ۔
14بلکہ فقط اُسی جگہ جسے خداوند تیرے کسی قبیلہ میں چُن لے تُو اپنی سوختنی قُربانیاں گذراننا اور وہیں سب کچھ جسکا میں تُجھ کو حکم دیتا ہوں کرنا ۔
15پر گوشت کو تُو اپنے سب پھاٹکوں کے اندر اپنے دل کی رغبت اور خداوند اپنے خدا کی دی ہوئی برکت کے موافق ذبح کر کے کھا سکے گا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے کھاسکیں گے جیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں ۔
16لیکن تُم خون کو بالکل نہ کھانا بلکہ اُسے پانی کی طرح زمین پر انڈیل دینا۔
17اور تُو اپنے پھاٹکوں کے اندر اپنے غلہ اور مَے اور تیل کی دہ یکیاں اور گائے بیلوں اور بھیڑ بکریوں کے پہلوٹھے اور اپنی منت مانی ہوئی چیزیں اور رضا کی قُربانیاں اور اپنے ہاتھ کی اُٹھائی ہوئی قُربانیاں کبھی نہ کھانا ۔
18بلکہ تُو اور تیرے بیٹے بیٹیاں اور تیرے نوکر چاکر اور لونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو اُن چیزوں کو خداوند اپنے خدا کے حضور اُس جگہ کھانا جسے خداوند تیرا خدا چُن لے اور تُو خداوند اپنے خدا کے حضور اپنے ہاتھ کی کمائی کی خوشی منانا ۔
19اور خبردار جب تک تُو اپنے مُلک میں جیتا رہے لاویوں کو چھوڑ نہ دینا ۔
20جب خداوند تیرا خدا اُس وعدہ کے مطابق جو اُس نے تجھ سے کیا ہے تیری سرحد کو بڑھائے اور تیرا جی گوشت کھانے کو کرے اور تُو کہنے لگے کہ میں تو گوشت کھانونگا تو تُو جیسا تیرا جی چاہے گوشت کھا سکتا ہے ۔
21اور اگر وہ جگہ جسے خداوند تیرے خدا نے اپنے نام کو وہاں قائم کرنے کے لیے چُنا ہو تیرے مکان سے بہت دور ہو تو تُو اپنے گائے بیل اور بھیڑ بکری میں سے جنکو خداوند نے تجھ کو دیا ہے کسی کو ذبح کر لینا اور جیسا میں نے تجھ کو حکم دیا ہے تُو اُسکے گوشت کو اپنے دل کی رغبت کے مطابق اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا ۔
22جیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں ویسے ہی تُو اُسے کھانا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے یکساں کھا سکیں گے ۔
23فقط اِتنی احتیاط ضرور رکھنا کہ تُو خون کو نہ کھانا کیونکہ خون ہی تو جان ہے ۔ سو تُو گوشت کے ساتھ جان کو ہرگز نہ کھانا ۔
24تُو اُسکو کھانا مت بلکہ اُسے پانی کی طرح زمین پر انڈیل دینا ۔
25تُو اُسے نہ کھانا تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خداوند کی نظر میں ٹھیک ہے تیرا اور تیرے ساتھ تیری اولاد کو بھی بھلا ہو ۔
26پر اپنی مُقدس اشیا کو جو تیرے پاس ہوں اور اپنی مَنتوں کی چیزوں کو اُسی جگہ لے جانا جسے خداوند چُن لے ۔
27اور وہیں اپنی سوختنی قُربانیوں کا گوشت اور خون دونوں خداوند اپنے خدا کے مذبح پر چڑھانا اور خداوند تیرے خدا ہی کے مذبح پر تیرے ذبیحوں کا خون انڈیلا جائے مگر اُنکا گوشت تُو کھانا ۔
28اِن سب باتوں کو جنکا میں تجھ کو حکم دیتا ہوں غور سے سُن لے تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خداوند تیرے خدا کی نظر میں اچھا اور ٹھیک ہے تیرا اور تیر ے بعد تیری اولاد کا بھلا ہو ۔
29جب خداوند تیرا خدا تیرے سامنے سے اُن قوموں کو اُس جگہ جہاں تُو اُنکا وارث ہونے کو جا رہا ہے کاٹ ڈالے اور تُو اُنکا وارث ہو کر اُنکے مُلک میں بس جائے ۔
30تو تُو خبردار رہنا تا ایسا نہ ہو کہ جب وہ تیرے آگے سے نابود ہو جائیں تو تُو اِس پھندے میں پھنس جائے کہ اُنکی پیروی کرے اور اُنکے دیوتاوں کے بارے میں یہ دریافت کرے کہ یہ قومیں کس طرح سے اپنے دیوتاوں کی پوجا کرتی ہیں ؟ میں بھی ویسا ہی کرونگا ۔
31تُو خداوند اپنے خدا کے لیے ایسا نہ کرنا کیونکہ جن جن کاموں سے خداوند کو نفرت اور عداوت ہے وہ سب اُنہوں نے اپنے دیوتاوں کے لیے کئے ہیں بلکہ اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو بھی وہ اپنے دیوتاوں کے نام پر آگ میں ڈالکر جلا دیتے ہیں ۔
32جس جس بات کا میں حکم کرتا ہوں تُم احتیاط کر کے اُس پر عمل کرنا اور تُو اُس میں نہ تو کچھ بڑھانا اور نہ اُس میں سے کچھ گھٹانا ۔