Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1اور خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایا کہ ۔
2سب پہلوٹھوں کو یعنی جو بنی اِسرائیل میں خواہ اِنسان ہو خواہ حیوان پہلوٹھی کے بچے ہوں اُنکو میرے لئے مُقدس ٹھہراکیونکہ وہ میرے ہیں۔
3اور مُوسیٰ نے لوگوں سے کہا کہ تُم اِس دِن کو یاد رکھنا جس میں تُم مصر سے جو غلامی کا گھر ہے نکلے کیونکہ خُداوند اپنے زورِ بازو سے تُم کو وہاں سے نکال لایا ۔اس میں خمیری روٹی کھائی نہ جائے ۔
4تُم ابیب کے مہینے میں آج کے دن نکلے ہو ۔
5سو جب خُداوند تجھ کو کِنعانیوں اور حِتّیوں اور اموریوں اور حویوں اور یبوسیوں کے ملک میں پہنچا دے جسے تُجھ کو دینے کی قسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی اور جس میں دودھ اور شہد بہتا ہے تو تُو اِسی مہینے میں یہ عبادت کیا کرنا ۔
6سات دن تک تو تُو بے خمیری روٹی کھانا اور ساتوٰیں دن خُداوند کی عید منانا ۔
7بے خمیری روٹی ساتوں دن کھائی جائے اور خمیری روٹی تیرے پاس دکھائی بھی نہ دے اور نہ تیرے مُلک کی حدود میں کہیں کچھ خمیر نظر آئے ۔
8اور تُو اُس روز اپنے بیٹے کو یہ بتانا کہ اس دن کو میں اس کام کے سبب سے مانتا ہوں جو خُداوند نے میرے لئے اُس وقت کیا جب میں مُلک مصِر سے نکلا ۔
9یہ ہی تیرے پاس گویا تیرے ہاتھ میں ایک نشان اور تیری دونوں آنکھوں کہ سامنے ایک یادگار ٹھہرے تاکہ خُداوند کی شریعت تیری زبان پر ہوکیونکہ خُداوند نے تجھ کو اپنے زورِبازو سے ملک مصر سے نکلا ۔
10پس تُو اِس رسم کو اِسی وقت مُعیِّن میں سال بسال ماناکرنا۔
11اور جب خُداوند اُس قَسم کے مُطابق جو اُس نے تجھ سے اور تیرے باپ دادا سے کھائی تُجھ کو کنعانیوں کے مُلک میں پہنچا کر وہ مُلک تُجھکو دے دے ۔
12تو تُو پہلوٹھی کے بچوں کو اور جانوروں کے پہلوٹھوں کو خُداوند کےلئے الگ کر دینا ۔ سب نر بچے خُداوند کے ہونگے ۔
13اور گدھے کے پہلے بّچے کے فِدیہ میں بّرہ دینا اور اگر تُو اُسکا فدیہ نہ دے تو اُسکی گردن توڑڈالنا اور تیرے بیٹوں میں جتنے پہلوٹھے ہوں اُن سب کا فدیہ تُجھ کو دینا ہوگا ۔
14اور جب آیندہ زمانہ میں تیرا بیٹا تُجھ سے سوال کرے کہ یہ کیا ہے ؟تو تُو اُسے یہ جواب دینا کہ خُداوند ہمکو مصر سےجو غلامی کا گھر ہے بزورِبازُو نکال لایا ۔
15اور جب فرعون نے ہمکو جانے دینا نہ چاہا تو خُداوند نے مُلِک مصر میں اِنسان اور حیوان دونوں کے پہلوٹھے مار دِئے اِسلئے میں جانوروں کے سب نر بچّوں کو اپنی اپنی ماں کے رِحم کو کھولتے ہیں خُداوند کے آگے قُربانی کرتا ہُوں لیکن اپنے بیٹوں کے سب پہلوٹھوں کا فدیہ دِیتا ہوں ۔
16اور یہ تیرے ہاتھ پر ایک نشان اور تیری پیشانی پر ٹیکوں کی مانند ہوں کیونکہ خُداوند اپنے زورِبازو سے ہمکو مصر سے نِکال لایا۔
17اور جب فرعون نے اُن لوگوں کو جانے کی اِجازت دے دی تو خُدا انکو فلستیوں کے مُلک کے راستہ سے نہیں لے گیا اگرچہ اُدھر سے نزدِیک پڑتا کیونکہ خُدا نے کہا اَیسا نہ ہو کہ یہ لوگ لڑائئ بھڑائی دیکھ کر پچھتا نے لگیں اور مصر کو لوٹ جائیں ۔
18بلکہ خُدا اِنکو چکّر کھِلا کر بحِر قلزم کے بیابان کے راستہ سے لے گیا اور بنی اِسرائیل مُلِکمصر سے مُسلّح نکلے تھے ۔
19اور مُوسیٰ یُوسُف کی ہڈیوں کو ساتھ لیتا گیا کیو نکہ اُس نے بنی اِسرائیلسے کہکر کہ خُدا ضرور تُمہاری خبر لیگا اِس بات کی سخت قسم لے لی تھی کہ تُم یہاں سے میری ہڈیاں اپنے ساتھ لیتے جانا۔
20اور اُنہوں نے سکات سے کُوچ کر کے بیابان کے کنارے ایتام میں ڈیرا کیا۔
21اور خُداوند اُنکودِن کو راستہ دِکھانے کے لئے ستُون میں اور رات کو روشنی دینے کے لئے آگ کے ستُون میں ہو کر اُنکے آگے چلاکر تا تھا تاکہ وہ دِن اور رات دونوں چل سکیں ۔
22وہ بادل کا ستُون دِن کو اور آگ کا ستُون رات کو اُن لوگوں کے آگے ہٹتا نہ تھا۔