Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
23 verses
1اور خداوند کا کلام مجھ پر نازل ہوا۔
2کہ اے آدمزاد! اسرائیل کے نبی جو نبوت کرتے ہیں ان کے خلاف نبوت کر اور جو اپنے دل سے بات بنا کر نبوت کرتے ہیں ان سے کہہ خداوند کا کلام سنو۔
3خداوند خدا یوں فرماتا ہے کہ احمق نبیوں پر افسوس جو اپنی روح کی پیروی کرتے ہیں اور انہوں نے کچھ نہیں دیکھا۔
4اے اسرائیل تیرے نبی ان لومڑیوں کی مانند ہیں جو ویرانوں میں رہتی ہیں۔
5تم رخنوں پر نہیں گئے اور نہ ہی بنی اسرائیل کےلئے فصیل بنائی تاکہ وہ خداوند کے دن جنگ گاہ میں کھڑے ہوں۔
6انہوں نے باطل اور جھوٹا شگون دیکھا ہے جو کہتے ہیں کہ خداوند خدا فرماتا ہے اگر چہ خداوند نے ان کو نہیں بھیجا اور لوگوں کو امید دلاتے ہیں کہ ان کی بات پوری ہو جائے گی۔
7کیا تم نے باطل رویا نہیں دیکھی؟ کیا تم نے جھوٹی غیب دانی نہیں کی کیونکہ تم کہتے ہو کہ خداوند خدا نے فرمایا اگر چہ میں نے نہیں فرمایا؟
8اس لئے خداوند خدا یوں فرماتا ہے کہ چونکہ تم نے جھوٹ بولا ہے اور بطلان دیکھا اس لئے خداوند خدا فرماتا ہے کہ میں تمہارا مخالف ہوں۔
9اور میرا ہاتھ ان نبیوں پر جو بطلان دیکھتے ہیں اور جھوٹی غیب دانی کرتے ہیں چلے گا نہ وہ میرے لوگوں کے مجمع میںشامل ہوں گے نہ اسرائیل کے خاندان کے دفتر میں لکھے جائیں گے اور نہ وہ اسرائیل کے ملک میں داخل ہوں اور تم جان لو گے کہ میں خداوند ہوں۔
10اس سبب سے کہ انہوں نے میرے لوگوں کو یہ کہہ کر ورغلایا ہے کہ سلامتی ہے حالانکہ سلامتی نہیں۔ جب کوئی دیوار بناتا ہے تو وہ اس پر کچی کہگل کرتے ہیں ۔
11تو ان سے جو کچی کہگل کرتے ہیں کہہ کہ وہ گر جائے گی کیونکہ موسلادھار بار ہوگی اور بڑے بڑے اولے پڑیں گے اور آندھی اسے گرا دے گی۔
12اور جب وہ دیوار گرے گی تو کیا لوگ تم سے نہ پوچھیں گے کہ وہ کہگل کہاں ہے جو تم نے اس پر کی تھی؟
13اس لئے خداوند خدا یوں فرماتا ہے کہ میں اپنے غضب کے طوفان سے اسے توڑ دوں گا اور میرے قہر سے جھما جھم مینہ برسے گا اور میرے قہر کے اولے پڑیں گے تاکہ اسے نابود کریں۔
14سو میں اس دیوار کو جس پر تم نے کچی کہگل کی ہے توڑ ڈالوں گا اور زمین پر گراﺅں گا یہاں تک کہ اس کی بنیاد ظاہر ہو جائے گی ہاں وہ گرے گی اور تم اسی میں ہلاک ہو جاﺅگے اور جانو گے کہ میں خداوند ہوں۔
15میں اپنا قہر اس دیوار پر اور ان پر جنہوں نے اس پر کچی کہگل کی ہے پورا کروں گا اور تب میں تم سے کہوں گا کہ نہ وہ دیوار رہی اور نہ وہ جنہوں نے اس پر کچی کہگل کی۔
16یعنی اسرائیل کے نبی جو یروشلیم کی بابت نبوت کرتے ہیں اور اسکی سلامتی کی رویا دیکھتے ہیں حالانکہ سلامتی نہیں ہے خداوند خدا فرماتا ہے۔
17اور اے آدمزاد ! تو اپنی قوم کی بیٹیوں کی طرف جو اپنے دل سے بات بنا کر نبوت کرتی ہیں متوجہ ہو کر ان کے خلاف نبوت کر۔
18کہہ کہ خداوند خدا یوں فرماتا ہے کہ تم پر افسوس تم سب پر جو کہنیوں سے نیچے کی گدّی سیتی ہو اور ہر ایک قد کے موافق سر کےلئے برقعہ بناتی ہو کہ جانوروں کو شکار کرو! کیا تم میرے لوگوں کی جانوں کا شکار کرو گی اور اپنی جان بچاﺅ گی؟
19اور تم نے مٹھی بھر جو کےلئے اور روٹی کے ٹکڑوں کےلئے میرے لوگوں میں مجھے ناپاک ٹھہرایا تاکہ تم ان جانوں کو مار ڈالو جو مرنے کے لائق نہیں اور ان کو زندہ رکھو جو زندہ رہنے کےلئے لائق نہیں ہیں کیونکہ تم میرے لوگوں سے جو جھوٹ سنتے ہیں جھوٹ بولتی ہو۔
20پس خداوند خدا فرماتا ہے کہ دیکھو میں تمہاری گدّیوں کا دشمن ہوں جن سے تم جانوں کو پرندوں کی مانند شکار کرتی ہو اور میں ان کو تمہاری کہنیوں کے نیچے سے پھاڑ ڈالوں گا اور ان جانوں کو جن کو تم پرندوں کی مانند شکار کرتی ہو آزاد کردوں گا۔
21اور میں تمہارے برقعوں کو بھی پھاڑ دوں گا اور اپنے لوگوں کو تمہارے ہاتھ سے چھڑاﺅں گا اور پھر تمہارا کبھی بس نہ چلے گا کہ ان کا شکار کرو اور تم جانو گی کہ میں خداوند ہوں۔
22اس لئے کہ تم نے جھوٹ بول کر صادق کے دل کو اداس کیا جس کو میں نے غمگین نہیں کیا اور شریر کی مدد کی ہے تا کہ وہ اپنی جان بچانے کےلئے اپنی بری روش سے باز نہ آئے۔
23اس لئے آگے کو تم نہ بطالت دیکھو گی اور نہ غیب گوئی کروگی کیونکہ میں اپنے لوگوں کو تمہارے ہاتھ سے چھڑاﺅں گا تب تم جانو گی کہ خداوند مَیں ہوں۔