Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
27 verses
1اور خداوند کا کلام مجھ پر نازل ہوا۔
2کہ اے آدمزادخداوند خدا اسرائیل کے ملک سے یوں فرماتا ہے کہ تمام ہوا! ملک کے چاروں کونوں پر خاتمہ آن پہنچا ہے۔
3اب تیری اجل آئی اور میں تجھ پر اپنا غضب نازل کروں گااور تیری روش کے مطابق تیری عدالت کروں گا اور یرے سب گھنونے کاموں کی سزا تجھ پر لاﺅں گا۔
4میری آنکھ تیری رعایت نہ کرے گی اور میں تجھ پر رحم نہ کروںگا بلکہ میں تیری روش کے مطابق تجھے سزا دوں گا اور تیرے گھنونے کاموں کے انجام تیرے درمیان ہوں گے تاہ تم جانو کہ میں خداوند ہوں۔
5خداوند خدا یوں فرماتا ہے کہ ایک بلا یعنی بلایِ عظیم ! دیکھ وہ آتی ہے۔
6خاتمہ آیا ۔ خاتمہ آگیا۔ وہ تجھ پر آپہنچا۔ دیکھ وہ آپہنچا۔
7اے زمین پر بسنے والے تیری شامت آگئی ۔ وقت آ پہنچا۔ ہنگامہ کا دن قریب ہوا۔ یہ پہاڑوں پر خوشی کی للکار کا دن نہیں۔
8اب میں اپنا قہر جھ پر انڈیلنے کو ہوں اور اپنا غضب تجھ پر پورا کروں گا اور تیری روش کے مطابق تیری عدالت کروں گا اور تیرے گھنونے کاموں کی سزا تجھ پر لاﺅں گا۔
9میری آنکھ رعایت نہ کرے گی اور میں ہر گز رحم نہ کروں گا میں تجھے تیری روش کے مطابق سزا دوں گا اور تیرے گھنونے کاموں کے انجام تیرے درمیان ہوں گے اور تم جانو گے کہ میں خداوند سزا دینے والا ہوں۔
10دیکھ وہ دن۔ وہ دن آپہنچا ہے! تیری شامت آگئی۔ عصا میں کلیاں نکلیں۔
11غرور میں غنچے نکلے۔ستم گری نکلی کہ شرارت کی چھڑی ہو۔ کوئی ان میں سے نہ بچے گا۔ نہ ان کے انبوہ میں سے کوئی اور نہ ان کے مال میں سے کچھ اور تم پر ماتم نہ ہوگا۔
12وقت آگیا۔ دن قریب ہے۔ نہ خریدنے والا خوش ہو نہ بیچنے والا اداس کیونکہ ان کے تمام انبوہ پر غضب نازل ہونے کو ہے۔
13کیونکہ بیچنے والا بکی ہوئی چیز تک پھر نہ پہنچے گا اگرچہ ہنوز وہ زندوں کے درمیان ہوں کیونکہ یہ رویا انکے تما م انبوہ کےلئے ہے۔ ایک بھی نہ لوٹے گا اور نہ کوئی بدکرداری سے اپنی جان کو قائم رکھے گا۔
14نرسنگا پھونکا گیا اور سب کچھ تیار ہے۔ لیکن کوئی جنگ کےلئے نہیں نکلتا کیونکہ میرا غضب ان کے تمام انبوہ پر ہے۔
15باہر تلوار ہے اور اند وبا اور قحط ہیں۔ جو کھیت میں ہے وہ تلوار سے قتل ہوگا اور جو باہر ہے وبا اور قحط اسے نگل جائیں گے۔
16لیکن جو ان سے بھاگ جائیں گے وہ بچ نکلیں گے اور وادیوں کے کبوتروںکی مانند پہاڑوں پر رہیں گےاور سب کے سب نالہ کریں گے۔ ہر ایک اپنی بدکرداری کے سبب سے۔
17سب ہاتھ ڈھیلے ہوں گے اور سب گھٹنے پانی کی مانند کمزور ہوجائیں گے۔
18وہ ٹات سے کمر کسیں گے اور ہول ان پر چھا جائے گا اور سب کے منہ پر شرم ہوگی اور ان سب کے سروں پر چند لاپن ہوگا۔
19وہ اپنی چاندی سڑکوں پر پھینک دیں گا اور ان کا سونا ناپاک چیز کی مانند ہوگا۔ خداوند کے غضب کے دن میں ان کا سونا اور چاندی ان کو نہ بچا سکے گا۔ ان کی جانیں آسودہ نہ ہوں گی اور ان کے پیٹ نہ بھریں گے کیونکہ انہوں نے اسی سے ٹھوکر کھا کر بدکرداری کی تھی۔
20اور ان کے خوبصورت زیور شوکت کےلئے تھے پر انہوں نے ان سے اپنی نفرتی مورتیں اور مکروہ چیزیں بنائیں۔اس لئے میں نے ان کےلئے ان کو ناپاک چیز کی مانند کر دیا۔
21اور میں ان کو غنیمت کےلئے پردیسیوں کے ہاتھ میں اور لوٹ کےلئے زمین پر شریروں کے ہاتھ سونپ دوں گا اور وہ ان کو ناپاک کریں گے۔
22اور میں ان سے منہ پھیر لوں گا اور وہ خلوت خانہ کو ناپاک کریں گے۔ اس میں غارت گر آئیں گے اور اسے ناپاک کریں گے۔
23زنجیر بنا کیونکہ ملک خونریزی کے گناہوں سے پر ہے اور شہر ظلم سے بھرا ہے ۔
24پس میں غیر قوموں میں سے بد ترین کو اﺅں گا اور وہ ان کے گھروں کے مالک ہوں گے اور میں زبردستوں کا گھمنڈ مٹا ﺅں گا اور ان کے مقدس مقام نا پاک کئے جائیں گے۔ ہلاکت آتی ہے اور وہ سلامتی کو ڈھونڈیں گے پر نہ پائیں گے۔
25بلا پر بلا آئے گی اور افواہ پر افواہ ہوگی۔
26تب وہ نبی سے رویا کی تلاش کریں گے لیکن شریعت کاہن سے اور مصلحت بزرگوں سے جاتی رہے گی۔
27بادشاہ ماتم کرے گا اور حاکم پر حیرت چھا جائے گی اور رعیت کے ہاتھ کانپیں گے۔ میں ان کی روش کے مطابق ان سے سلوک کروں گا اور ان کے اعمال کے مطابق ان پر فتویٰ دوں گا تاکہ وہ جانیں کہ خداوند مَیں ہوں۔