Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
27 verses
1خداوند نے مجھے یوں فرمایا کہ تو جا کر اپنے لئے ایک کتانی کمر بند خریدلے اور اپنی کمر پر باندھ پر اُسے پانی میں مت بھگو۔
2سو میں نے خداوند کے کلام کے موافق ایک کمر بند خریدلیا اور اپنی کمر باندھا ۔
3اور خداوند کا کلام دوبارہ مجھ پر نازل ہوا اور اُس نے فرمایا ۔
4کہ اس کمربند کو جو تو نے خریدا اور جو تیری کمر پر ہے لے کر اُٹھ اور فرات کو جا اور وہاں چٹان کے ایک شگاف میں اُسے چھپا دے۔
5چنانچہ میں گیا اور اُسے فراتؔ کے کنارے چھپا دیا جیسا خداوند نے مجھے فرمایا تھا۔
6اور بہت دِنوں کے بعد یوں ہوا کہ خداوند نے مجھے فرمایا کہ اُٹھ فراتؔ کی طرف جا اور اُس کمر بند کو جسے تو نے میرے حکم سے وہاں چھپا رکھا ہے نکال لے ۔
7تب میں فراتؔ کو گیا اور کھودا اور کمر بند کو اُس جگہ سے جہاں میں نے اُسے گاڑ دیا تھانکالا اور دیکھ وہ کمر بند ایسا خراب ہو گیا تھا کہ کسی کام کا نہ رہا ۔
8تب خداوند کا کلام مجھ پر نازل ہوا ۔
9کہ خداوند یوں فر ماتا ہے کہ اِسی طرح میں یہوداہؔ کے گھمنڈ اور یروشیلم کے بڑے غرور کو نیست کرونگا ۔
10یہ شریر لوگ جو امیر کلام سُننے سے انکار کرتے ہیں اور اپنے ہی دل کی سختی کے پیروہوتے اور غیر معبودوں کے طالب ہو کر اُنکی عبادت کرتے اور اُنکو پوجتے ہیں وہ اس کمر بند کی مانند ہونگے جو کسی کام کا نہیں ۔
11کیونکہ جیسا کمر بند اِنسان کی کمر سے لپٹا رہتا ہے ویسا ہی خداوند فرماتا ہے میں نے اِسرائیل کے تمام گھرانے اور یہوداہؔ کے تما م گھرانے کو لیا کہ مجھ سے لپٹے رہیں تاکہ وہ میرے لوگ ہوں اُنکے سبب سے میرا نام ہو اور میری ستائش کی جائے اور میرا جلال ہو پر اُنہوں نے نہ سُنا ۔
12پس تو اُن سے یہ بات بھی کہہ دے کہ خداوند اِسرائیل کا خدا یوں فرماتا ہے کہ ہر ایک مٹکے میں مے بھری جائیگی اور وہ تجھ سے کہینگے کیا ہم نہیں جانتے کہ ہر ایک مٹکے میں مے بھری جائیگی ؟۔
13تب تو اُن سے کہنا خداوند یوں فرماتا ہے کہ دیکھومیں اِس ملک کے سب باشندوں کو ہاں اُن بادشاہوں کو جو داؤدؔ کے تخت پر بیٹھتے ہیں اورکاہنوں اور نبیوں اور یروشیلم کے سب باشندوں کو مستی سے بھر دُونگا۔
14اور میں اُنکو ایک دُوسرے پر یہاں تک کہ باپ کو بیٹوں پر دے مارونگا ۔ خداوند فرماتا ہے میں نہ شفقت کرونگا نہ رعایت اور نہ رحم کُرونگا کہ اُنکو ہلاک نہ کُروں ۔
15سُنو اور کان لگاؤ ۔ گھمنڈ نہ کرو کیونکہ خداوند نے فرمایا ہے۔
16خداوند اپنے خدا کی تمجید کرو اِس سے پہلے کہ وہ تاریکی لائے اور تمہارے پاؤں گھپ اندھیرے میں ٹھو کر کھائیں اور جب تم روشنی کا اِنتظار کرو تو وہ اُسے موت کے سایہ سے بدل ڈالے اور اُسے سخت تاریکی بنادے۔
17لیکن اگر تم نہ سُنو گے تو میری جان تمہارے غرور کے سبب سے خلوت خانوں میں غم کھایا کر یگی ۔ ہاں میری آنکھیں پھوٹ پھوٹ کر روئینگی اور آنسو بہا ئینگی کیونکہ خداوند کا گلہ اسیری میں چلا گیا۔
18بادشاہ ااور اُسکی والدہ سے کہہ کہ عاجزی کرو اور نیچے بیٹھو کیونکہ تمہاری بُزرگی کا تاج تمہارے سر پر سے اُتار لیا گیا ہے ۔
19جنوب کے شہربند ہو گئے ۔ اور کوئی نہیں کھو لتا سب نبی یہوداہؔ اِسیر ہوگئے ۔ سب کو اِسیر کرکے لے گئے ۔
20اپنی آنکھیں اُٹھا اور اُنکو جو شمال سے آتے ہیں دیکھ ۔ وہ گلہ جو تجھے دیا گیا تھا ۔ تیرا خوشنما گلہ کہاں ہے؟۔
21جب وہ تجھ پر اُنکو مُقرر کریگا جنکوتو نے اپنی حمایت کی تعلیم دی ہے تو تو کیا کہیگی ؟ کیا تو اُس عورت کی مانند جسے دردِزِہ ہو درد میں مُبتلا نہ ہو گی؟ ۔
22اور اگر تو نے اپنے دل میں کہے کہ یہ حادِثے مجھ پر کیوں گذرے ؟ تیری بد کرداری کی شدت سے تیرا دامن اُٹھایا گیا اور تیری ایڑیاں جبراً برہنہ کی گئیں ۔
23حبشی اپنے چمڑے کو یا چیتہ اپنے داغوں کو بدل سکے تو تم بھی جو بدی کے عادی ہو نیکی کر سکو گے۔
24اِسلئےِ میں اُنکو اُس بھوسے کی مانند جو بیابان کی ہوا سے اُڑتا پھرتا ہے تِتربتر کُرونگا۔
25خداوند فرماتا ہے کہ میری طرف سے یہی تیرا بخرہ تیرا نیا ہوا حّصہ ہے کیونکہ تو نے مجھے فراموش کرکے بُطلان پر توکل کیا ہے ۔
26پس میں بھی تیرا دامن تیرے سامنے سے اُٹھا دُونگا تا کہ تو بے پردہ ہو۔
27میں نے تیری بدکاری تیرا ہنہنانا تیری حرامکاری اور تیرے نفرت انگیز کام جو تو نے پہاڑوں پر اور میدانوں میں کئے دیکھے ہیں۔اَے یروشیلم تجھ پر افسوس ! تو اپنے آپکو کب تک پاک وصاف نہ کریگی ؟۔