Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
21 verses
1تب خداوند نے مجھے فرمایا کہ اگرچہ مُوسیٰ اور سموئیل میرے حضور کھڑے ہوتے تو بھی میرا دِل اِن لوگوں کی طرف متوجہ نہ ہوتا ۔ اِنکو میرے سامنے سے نکال دے کہ چلے جائیں۔
2اور جب وہ تجھ سے کہیں کہ ہم کدھر جائیں ؟ تو اُن سے کہنا کہ خداوند یوں فرماتا ہے کہ جو موت کے لئے ہیں وہ موت کی طرف جائیں اور جو تلوار کے لئے ہیں وہ تلوار کی طرف اور جو کال کے لئے ہیں وہ کال کو اور جو اِسیری کے لئے ہیں وہ اِسیری میں ۔
3اور میں چار چیزوں کو ان پر مسلط کرونگا خداوند فرماتا ہے ۔ تلوار کو کہ قتل کرے اور کتوں کو کہ پھاڑ ڈالیں اور آسمانی پرندوں کو اور زمین کے درندوں کو کہ نگل جائیں اور ہلاک کریں ۔
4اور میں انکو شاہِ یہوداہ منسی بن حزقیاہ کے سبب سے اس کام کے باعث جو اس نے یروشیلم میں کیا ترک کردونگا کہ زمین کی سب مملکتو ں میں دھکے کھاتے پھریں ۔
5اب اے یروشیلم کون تجھ پر رحم کریگا؟ کون تیرا ہمدرد ہوگا؟ یا کون تیری طرف آئیگا کہ تیری خیروعافیت پوچھے؟ ۔
6خداوند فرماتا ہے تو نے مجھے ترک کیا اور برگشتہ ہوگئی اسلئے میں تجھ پر اپنا ہاتھ بڑھاؤنگا اور تجھے برباد کرونگا میں تو ترس کھاتے کھاتے تنگ آگیا۔
7اور میں نے انکو ملک کے پھاٹکوں پر چھاج سے پھٹکا۔ میں نے انکے بچے چھین لئے ۔ میں نے اپنے لوگوں کو ہلاک کیا کیونکہ وہ اپنی راہوں سے نہ پھرے ۔
8انکی بیوائیں میرے آگے سمندر کی ریت سے زیادہ ہوگئیں ۔ میں نے دوپہر کے وقت جوانوں کی ماں پر غارتگر کو مسلط کیا۔ میں نے اس پر ناگہان عذاب و دہشت کو ڈالدیا۔
9سات بچوں کی والدہ نڈھال ہوگئی ۔ اس نے جان دیدی ۔ دن ہی کو اسکا سورج ڈوب گیا۔ وہ پشیمان اور سراسیمہ ہوگئی ہے ۔ خداوند فرماتا ہے میں انکے باقی لوگوں کو انکے دشمنوں کے آگے تلوار کے حوالہ کرونگا۔
10اے میری ماں تجھ پر افسوس کہ میں تجھ سے تمام دنیا کے لئے لڑاکا آدمی اور جھگڑا لو شخص پیدا ہوا ! میں نے تو نہ سود پر قرض دیا اور نہ قرض لیا تو بھی ان میں سے ہر ایک مجھ پر لعنت کرتا ہے ۔
11خداوند نے فرمایا یقیناًمیں تجھے تقویت بخشونگا کہ تیری خیر ہو۔ یقیناًمیں مصیبت اور تنگی کے وقت دشمنوں سے تیرے سامنے التجا کرونگا ۔
12کیا کوئی لوہے کو یعنی شمالی فولاد اور پیتل کو توڑ سکتا ہے ؟۔
13تیرے مال اور تیرے خزانوں کو مفت لٹوا دونگا ور یہ تیرے سب گناہوں کے سبب سے تیری تمام سرحدوں میں ہوگا۔
14اور میں تجھکو تیرے دشمنوں کے ساتھ ایسے ملک میں لے جاؤنگا جسے تو نہیں جانتا کیونکہ میرے غضب کی آگ بھڑکیگی اور تم کو جلائیگی۔
15اے خداوند تو جانتا ہے تجھے یاد فرما اور مجھ پر شفقت کر اور میرے ستانے والوں سے میرا انتقام لے۔ تو برداشت کرتے کرتے مجھے نہ اٹھالے ۔ جان رکھ کہ میں نے تیری خاطر ملامت اٹھائی ہے۔
16تیرا کلام ملا اور میں نے اسے نوش کیا اور تیری باتیں میرے دل کی خوشی اور خرمی تھیں کیونکہ اے خداوند رب الا فواج ! میں تیرے نام سے کہلاتا ہوں ۔
17نہ میں خوشی منانے والوں کی محفل میں بیٹھا اور نہ شادمان ہوا ۔ تیرے ہاتھ کے سبب سے میں تنہا بیٹھا کیونکہ تو نے مجھے قہر سے لبریز کر دیا ہے۔
18میرا درد کیوں دائمی اور میرا زخم کیوں لاعلاج ہے کہ صحت پذیر نہیں ہوتا؟ کیا تو میرے لئے سراسر دھوکے کی ندی سا ہوگیا ہے۔ اُس پانی کی مانند جسکو قیام نہیں ۔
19اِسلئےِ خداوند یوں فرماتا ہے کہ اگر تو باز آئے تو میں تجھے پھیر لاؤنگا اور تو میرے حضور کھڑا ہو گا اور اگر تو لطیف کو کثیف سے جدا کرے توتو میرے منہ کی مانند ہوگا۔ وہ تیری طرف پھریں لیکن تو اُنکی طرف نہ پھرنا۔
20اور میں تجھے اِن لوگوں کے مقابل پیتل کی مضبوطی دیوار ٹھہر اؤنگا اور یہ تجھ سے لڑینگے لیکن تجھ پر غالب نہ آئینگے کیونکہ خداوند فرماتا ہے میں تیرے ساتھ ہوں کہ تیری حفاظت کروں اور تجھے رہائی دُوں۔
21ہاں میں تجھے شریروں کے ہاتھ سے رہائی دُونگا اور ظالموں کے پنجے سے تجھے چھڑاؤنگا ۔