Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
40 verses
1خداوند فرماتا ہے کہ اُن چرواہوں پر افسوس جو میری چراگاہ کی بھیڑوں کوہلاک وپراگندہ کرتے ہیں ۔
2اِسلئے خداوند اِسراؔ ئیل کا خدااُن چراوہوں کی مخالفت میں جو میرے لوگوں کی چوپانی کرتے ہیں یوں فرماتا ہے کہ تم نے میرے گلہ کو پراگندہ کیا اور اُنکو ہانک کر نکال دیا اور نگہبانی نہیں کی۔ دیکھو میں تمہارے کاموں کی بُرائی تم پر لاؤنگا خداوند فرماتا ہے۔
3پر میں اُنکو جو میرے گلہ سے بچ رہے ہیں تمام ممالک سے جہاں جہاں میں نے اُنکو ہانک دیا تھا جمع کر لُو نگااور اُنکو پھر اُنکے گلہ خانوں میں لاؤ نگا اور وہ پھلینگے اور بڑھینگے ۔
4اور میں اُن پر اَیسے چوپان مُقرر کرونگا جو اُنکو چرائینگے اور وہ پھر نہ ڈر ینگے نہ گھبرائینگے نہ گم ہونگے خداوند فرماتا ہے۔
5دیکھ وہ دن آتے ہیں خداوند فرماتا ہے کہ میں داؤد کے لئے ایک صادق شاخ پیدا کرونگا اور اُسکی بادشاہی ملک میں اقبالمندی اور عدالت اور صداقت کے ساتھ ہوگی۔
6اُسکے ایام میں یہوؔ داہ نجات پائیگا اور اِسرؔ ائیل سلامتی سے سُکونت کریگا ور اُسکا نام یہ رکھا جائیگا خداوند ہماری صداقت ۔
7اِسی لئے دیکھ وہ دن آتے ہیں خداوند فرماتا ہے کہ وہ پھر نہ کہینگے کہ زندہ خداوند کی قسم جو بنی اِسرؔ ائیل کو ملک مصرؔ سے نکال لایا۔
8بلکہ زندہ خداوند کی قسم جو اِسرؔ ائیل کے گھرانے کی اَولاد کو شمال کی سرزمین سے اور اُن سب مملکتوں سے جہاں جہاں میں نے اُنکو ہانک دیا تھا نکال لایا اور وہ اپنے ملک میں بسینگے ۔
9نبیوں کی بابت ۔میرا دِل میرے اندر ٹوٹ گیا۔ میری سب ہڈیاں تھرتھراتی ہیں ۔ خداوند اور اُسکے پاک کلام کے سبب سے میں متوالا ساہوں اور اُس شخص کی مانند جو مے سے مغلوب ہو۔
10یقیناًزمین بدکاروں سے پُر ہے ۔ لعنت کے سبب سے زمین ماتم کرتی ہے۔ میدان کی چراگاہیں سُوکھ گئیں کیونکہ اُنکی روش بُری اور اُنکا زور ناحق ہے۔
11کہ نبی اور کاہن دونوں ناپاک ہیں ۔ ہاں میں نے اپنے گھرکے اندر اُنکی شرارت دیکھی خداوند فرماتا ہے۔
12اِسلئے اُنکی راہ اُنکے حق میں اَیسی ہوگی جیسے تاریکی میں پھسلنی جگہ ۔وہ اُس میں رگیدے جائینگے اور وہاں گرینگے کیونکہ خداوند فرماتا ہے میں اُن پر بلا لاؤ نگا یعنی اُنکی سزا کا سال ۔
13اور میں نے سامریہؔ کے نبیوں میں حمایت دیکھی ہے اُنہوں نے بعلؔ کے نام سے نبوت کی اور میری قوم اِسرؔ ائیل کو گمراہ کیا۔
14میں نے یروشیلم ؔ کے نبیوں میں بھی ایک ہولناک بات دیکھی ۔ وہ زناکار جھوٹ کے پیرو اور بدکاروں کے حامی ہیں یہاں تک کہ کوئی اپنی شرارت سے باز نہیں آتا۔ وہ سب میرے نزدیک سُدومؔ کی مانند اور اُسکے باشندے عمورہؔ کی مانند ہیں ۔
15اِسی لئے ربُّ الافواج نبیوں کی بابت یوں فرماتا ہے کہ دیکھ میں اُنکو ناگدوناکھلاؤنگا اور اِندراین کا پانی پلاؤنگا کیونکہ یروشیلمؔ کے نبیوں ہی سے تمام ملک میں بیدینی پھیلی ہے۔
16ربُّ الافواج یوں فرماتا ہے کہ اُن نبیوں کی باتیں نہ سُنو جو تم سے نبوت کرتے ہیں ۔ وہ تم کو بطالت کی تعلیم دیتے ہیں ۔ وہ اپنے دلوں کے اِلہام بیان کرتے ہیں نہ کہ خداوند کے منہ کی باتیں ۔
17وہ مجھے حقیر جاننے والوں سے کہتے رہتے ہیں خداوند نے فرمایا ہے کہ تمہاری سلامتی ہو گی اور ہر ایک سے جو اپنے دل کی سختی پر چلتا ہے کہتے ہیں کہ تجھ پر کوئی بلانہ آئیگی ۔
18پر اُن میں سے کون خداوند کی مجلس میں شامل ہوا کہ اُسکا کلام سُنے اور سمجھے ؟ کس نے اُسکے کلا م کی طرف توجہ کی اور اُس پر کان لگایا ؟۔
19دیکھ خداوند کے قہر شدید کا طوفان جاری ہوا ہے بلکہ طوفان کا بگولہ شریروں کے سر پر ٹوٹ پڑیگا۔
20خداوند کا غضب پھر موقوف نہ ہوگا جب تک اُسے انجام تک نہ پہنچائے اور اُسکے دل کے اِرادہ کوپورا نہ کرے ۔تم آنے والے دِنوں میں اُسے بخوبی معلوم کرو گے۔
21میں نے اِن نبیوں کو نہیں بھیجا پر یہ دوڑتے پھرے ۔میں نے اِن سے کلام نہیں کیا پر اِنہوں نے نبوت کی۔
22لیکن اگر وہ میری مجلس میں شامل ہوتے تو میری باتیں میرے لوگوں کو سُناتے اور اُنکو اُنکی بُری راہ سے اور اُنکے کاموں کی بُرائی سے باز رکھتے ۔
23خداوند فرماتا ہے کیا میں نزدیک ہی کا خداہوں اور دور کا خدا نہیں ؟۔
24کیا کوئی آدمی پوشیدہ جگہوں میں چھپ سکتا ہے کہ میں اُسے نہ دیکھوں ؟ خداوند فرماتا ہے کیا زمین وآسمان مجھ سے معمور نہیں ہیں ؟خداوند فرماتا ہے ۔
25میں نے سُنا جو نبیوں نے کہا جو میرا نام لیکر جھوٹی نبوت کرتے اور کہتے ہیں کہ میں نے خواب دیکھا ۔ میں نے خواب دیکھا ۔
26کب تک یہ نبیوں کے دِل میں رہیگا کہ جھوٹی نبوت کریں ؟ ہاں وہ اپنے دِل کی فریب کاری کے نبی ہیں ۔
27جو گمان رکھتے ہیں کہ اپنے خوابوں سے جو اُ ن میں سے ہر ایک اپنے پڑوسی سے بیان کرتا ہے میرے لوگوں کو میرا نام بُھلادیں جس طرح اُنکے باپ دادا بعلؔ کے سبب سے میرا نام بھول گئے تھے۔
28جس نبی کے پاس خواب ہے وہ خواب بیان کرے اور جسکے پاس میرا کلام ہے وہ میرے کلام کو دیانتداری سے سُنائے ۔گیہوں کو بھوسے سے کیا نسبت ؟ خداوند فرماتا ہے ۔
29کیا میرا کلام آگ کی مانند نہیں ہے؟ خداوند فرماتا ہے اور ہتھوڑے کی مانند جو چٹان کو چکنا چور کر ڈالتا ہے؟۔
30اِسلئے دیکھ میں اُن نبیوں کا مخالف ہوں خداوند فرماتا ہے جو ایک دُوسرے سے میری باتیں چراتے ہیں ۔
31دیکھ میں اُن نبیوں کا مخالف ہو ں خداوند فرماتا ہے ہے جو اپنی زبان کو استعمال کرتے اور کہتے ہیں کہ خدافرماتا ہے۔
32خداوند فرماتا ہے دیکھ میں اُنکا مخالف ہوں جو جھوٹے خوابوں کو نبوت کہتے اور بیان کرتے ہیں اور اپنی جھوٹی باتوں سے اور لافزنی سے میرے لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں لیکن میں نے نہ اُنکو بھیجا نہ حکم دیا اِسلئے اِن لوگوں کو اُن سے ہر گز فاعمدہ نہ ہو گا خداوند فرماتا ہے۔
33اور جب یہ لوگ یا نبی یا کاہن تجھ سے پُوچھیں کہ خداوند کی طرف سے بار نبوت کیا ہے؟تب تو اُن سے کہنا کون سا بارِ نبوت ! خداوند فرماتا ہے میں کو پھینکدونگا ۔
34اور نبی اور کاہن اور لوگوں میں سے جو کوئی کہے خداوندکی طرف سے بارِنبوت میں اُس شخص کو اور اُسکے گھرانے کو سزادُونگا ۔
35چاہئے کہ ہر ایک اپنے پڑوسی اور اپنے بھائی سے یوں کہے کہ خداوند نے کیا جواب دیا؟ اور خداوند نے کیا فرمایا ہے ؟۔
36پر خداوند کی طرف سے بارِنبوت کا ذکر تم کبھی نہ کرنا اِسلئے کہ ہر ایک آدمی کی اپنی ہی باتیں اُس پر بار ہونگی کیونکہ تم نے زندہ خدا ربُّ الافواج ہمارے خدا کے کلام کو بگاڑڈالاہے۔
37تو نبی سے یوں کہنا کہ خداوند نے تجھے کیا جواب دیا؟اور خداوند نے کیا فرمایا ؟ ۔
38لیکن چونکہ تم کہتے ہو خداوند کی طرف سے بارِنبوت اِسلئے خداوند یوں فرماتا ہے کہ چونکہ تم کہتے ہو خداوند کی طرف سے بارِنبوت اور میں نے تم کو کہلا بھیجا کہ خداوند کی طرف سے بارِنبوت نہ کہو۔
39اِسلئے دیکھو میں تم کو بالکل فراموش کردونگا اور تم کو اور اِس شہر کوجو میں نے تم کو اور تمہارے باپ دادا کو یا اپنی نظر سے دُور کردونگا ۔
40اور میں تم کو ہمیشہ کی ملامت کا نشانہ بناؤ نگا اور ابدی خجالت تم پر لاؤ نگا جوکبھی فراموش نہ ہوگی۔