Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
24 verses
1وہ کلام جو خداوند کی طرف سے یرمیاہؔ پر نازل ہوا۔
2خداوند اَسراؔ ئیل کاخدا یوں فرماتا ہے کہ یہ سب باتیں جو میں نے تجھ سے کہیں کتاب میں لکھ ۔
3کیونکہ دیکھ وہ دن آتے ہیں خداوند فرماتا ہے کہ میں اپنی قوم اِسراؔ ئیل اور یہوداہؔ کی اسیری کو موقوف کراؤنگا خداوند فرماتا ہے اور اُنکو اُس ملک میں واپس لاؤنگا جو میں نے اُنکے باپ دادا کو دیا اور وہ اُسکے مالک ہونگے ۔
4اور وہ باتیں جو اِسراؔ ئیل اور یہوداہؔ کی بابت فرمائیں یہ ہیں ۔
5کہ خداوند یوں فرماتا ہے کہ ہم نے ہڑبڑی کی آواز سُنی ۔خوف ہے اور سلامتی نہیں ۔
6اب پوچھو اور دیکھو کیا کبھی کسی مرد کو دردزہ لگا؟ کیا سبب ہے کہ میں ہر ایک مرد کو زچہ کی مانند اپنے ہاتھ کمر پر رکھے دیکھتا ہوں اور سب کے چہرے زرد ہو گئے ہیں ؟ ۔
7افسوس !وہ دن بڑا ہے۔ اُسکی مثال نہیں ۔ وہ یعقوب کی مصیبت کا وقت ہے پر وہ اُس سے رہائی پائیگا ۔
8اور اُس روز یوں ہوگا ربُّ الافواج فرماتا ہے کہ میں اُسکا جوا تیری گردن پر سے توڑ ونگا اور تیرے بندھنوں کو کھول ڈالو نگا اور بیگانے پھر تجھ سے خدمت نہ کرائینگے ۔
9پر وہ خداوند اپنے خدا کی اور اپنے بادشاہ داؤدؔ کی جسے میں اُنکے لئے برپا کرونگا خدمت کرینگے ۔
10اِسلئے اَے میرے خادم یعقوب ہراسان نہ ہو خداوند فرماتا ہے اور اَے اِسراؔ ئیل گھبرانہ جا کیونکہ دیکھ میں تجھے دُور سے اور تیری اَولاد کو اسیری کی سر زمین سے چھڑاؤنگا اور یعقوب واپس آئیگا اور آرام وراحت سے رہیگا اور کوئی اُسے نہ ڈرائیگا ۔
11کیونکہ میں تیرے ساتھ ہوں خداوند فرماتا ہے تاکہ تجھے بچاؤں ۔ اگرچہ میں سب قوموں کو جن میں میں نے تجھے تتر بتر کیا تمام کر ڈالونگا تو بھی تجھے تمام نہ کرونگا بلکہ تجھے مناسب تنبیہ کرونگا اور ہر گزبے سزا نہ چھوڑونگا ۔
12کیونکہ خداوند یوں فرماتا ہے کہ تیری خستگی لاعلاج اور تیرا زخم سخت دردناک ہے۔
13تیرا حمایتی کوئی نہیں جو تیری مرہم پٹی کرے ۔تیرے پاس کوئی شفا بخش دوا نہیں ۔
14تیرے سب چاہنے والے تجھے بھول گئے۔ وہ تیرے طالب نہیں ہیں ۔ فی الحقیقت میں نے تجھے دُشمن کی مانند گھا ئل کیا اور سنگدل کی طرح تادیب کی اِسلئے کہ تیری بد کرداری بڑھ گئی اور تیرے گناہ زیادہ ہوگئے ۔
15تو اپنی خستگی کے سبب سے کیوں چلاتی ہے؟ تیرا درد لاعلاج ہے۔ اِسلئے کہ تیری بدکرداری نہایت بڑھ گئی اور تیرے گناہ زیادہ ہوگئے میں نے تجھ سے اَیسا کیا ۔
16تو بھی وہ سب جو تجھے نگلتے ہیں نگلے جائینگے اور تیرے سب دُشمن اسیری میں جا ئینگے اور جو تجھے غارت کرتے ہیں خود غارت ہونگے اور میں اُن سب کو جو تجھے لوٹتے ہیں لُٹا دونگا ۔
17کیونکہ میں پھر تجھے تندرستی اور تیرے زخموں سے شفا بخشو نگا ۔خداوند فرماتا ہے کیونکہ اُنہوں نے تیرا نام مُردودہ رکھا کہ یہ صیون ہے جسے کوئی نہیں پوچھتا۔
18خداوندیوں فرماتا ہے کہ دیکھ میں یعقوب کے خیموں کی اسیری کو موقوف کراؤنگا اور اُسکے مسکنوں پر رحمت کرونگا اور شہر اپنے ہی پہاڑ پر بنایا جائیگا اور قصر اپنے ہی مقام پر آباد ہوجائیگا ۔
19اور اُن میں سے شکرگذاری اور خوشی کرنے والوں کی آواز آئیگی اور میں اُنکو افزایش بخشونگا اور وہ تھوڑے نہ ہو نگے ۔ میں اُنکو شوکت بخشونگا اور وہ حقیر نہ ہونگے ۔
20اور اُنکی اَولاد اَیسی ہو گی جیسی پہلے تھی اور اُنکی جماعت میرے حضور میں قائم ہو گی اور میں اُن سب کو جو اُن پر ظلم کریں سزادونگا ۔
21اور اُنکا حاکم اُن ہی میں سے ہوگا اور اُنکا فرمانردااُن ہی کے درمیان سے پیدا ہو گا اور میں اُسے قربت بخشونگا اور وہ میرے نزدیک آئیگا کیونکہ کون ہے جس نے یہ جُرات کی ہو کہ میرے پاس آئے ؟ خداوند فرماتا ہے ۔
22اور تم میرے لوگ ہوگے اور میں تمہارا خداہونگا ۔
23دیکھ خداوند کے قہر شدید کی آندھی چلتی ہے ۔ یہ تیز طوفان شریروں کے سر پر ٹوٹ پڑیگا ۔
24جب تک یہ سب کچھ نہ ہولے اور خداوند اپنے دل کے مقصد پورے نہ کرلے اُسکا قہر شدید موقوف نہ ہوگا ۔ تم آخری دِنوں میں اِسے سمجھو گے۔