Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
26 verses
1ہنوز یرمیاہؔ قید خانہ کے صحن میں بند تھا کہ خداوند کا کلام دوبارہ اُس پر نازل ہوا کہ ۔
2خداوند جو پورا کرتا اور بناتا اور قائم کرتا ہے جسکا نام یہوداہ ہے یوں فرماتا ہے ۔
3کہ مجھے پُکارا اور میں تجھے جواب دُونگا اور بڑی بڑی اور گہری باتیں جنکو تو نہیں جانتا تجھ پر ظاہر کرونگا ۔
4کیونکہ خداوند اِسراؔ ئیل کا خدا اِس شہر کے گھروں کی بابت اور شاہان یہوداہ ؔ کے گھروں کی بابت جو دمدموں اور تلوار کے باعث گرادِئے گئے ہیں یوں فرماتا ہے۔
5کہ وہ کسدیوں سے لڑنے آئے ہیں اور اُنکو آدمیوں کی لاشوں سے بھر ینگے ۔ جنکو میں نے اپنے قہر وغضب سے قتل کیا ہے اور جنکی تمام شرارت کے سبب سے میں نے اِس شہر سے اپنا منہ چھپا یا ہے۔
6دیکھ میں اُسے صحت وتندرستی بخشونگا ۔ میں اُنکو شفا دونگا اور امن وسلامتی کی کثرت اُن پر ظاہر کرونگا ۔
7اور میں یہوداہ اور اِسراؔ ئیل کو اسیری سے واپس لاؤنگا اور اُنکو پہلے کی طرح بناؤنگا ۔
8اور میں اُنکو اُنکی ساری بدکرداری سے جو اُنہوں نے میرے خلاف کی ہے پاک کرونگا اور میں اُنکی ساری بد کرداری جس سے وہ میرے گنہگار ہوئے اور جس سے اُنہوں نے میرے خلاف بغاوت کی ہے معاف کرونگا ۔
9اور یہ میرے لئے رُویِ زمین کی سب قوموں کے سامنے مُسرت بخش نام اور ستائش وجلال کا باعث ہو گا ۔وہ اُس سب بھلائی کا جو میں اُن سے کرتا ہوں ذکر سُنینگی اور اُس بھلائی اور سلامتی کے سبب سے جو میں اِنکے لئے مہیا کرتا ہوں ڈرینگی اور کانپینگی ۔
10خداوند یوں فرماتا ہے کہ اِس مقام میں جسکی بابت تم کہتے ہو کہ وہ ویران ہے ۔وہاں نہ اِنسان ہے نہ حیوان یعنی یہوداہ کے شہروں میں اور یروشلیم کے بازاروں میں جو ویران ہیں جہاں نہ اِنسان ہے نہ باشندے نہ حیوان ۔
11خوشی اور شادمانی کی آواز ۔ دلہے اور دلہن کی آواز اور اُنکی آواز سُنی جائیگی جو کہتے ہیں ربُّ الافواج کی ستائش کرو کیونکہ خداوند بھلا ہے اور اُسکی شفقت ابدی ہے۔ہاں اُنکی آواز جو خداوند کے گھر میں شکر گذاری کی قربانی لائینگے کیونکہ خداوند فرماتا ہے میں اس ملک کے اِسیروں کو واپس لاکر بحال کرونگا ۔
12ربُّ الافواج یوں فرماتا ہے کہ اِس ویران جگہ اور اِسکے سب شہروں میں جہاں نہ اِنسان ہے نہ حیوان پھر چرواہوں کے رہنے کے مکان ہونگے جو اپنے گلوں کو بٹھائینگے ۔
13کوہستا ن کے شہروں میں اور وادی کے اور جنوب کے شہروں میں اور بینمین کے علاقہ میں اور یروشلیم کی نواحی میں اور یہوداہ ؔ کے شہروں میں پھر گلے گننے والے کے ہاتھ کے نیچے سے گذرینگے خداوند فرماتا ہے ۔
14دیکھ وہ دِن آتے ہیں خداوند فرماتا ہے کہ وہ نیک بات جو میں نے اِسراؔ ئیل کے گھرانے اور یہوداہ کے گھرانے کے حق میں فرمائی ہے پوری کرونگا ۔
15اُن ہی ایام میں اور اُسی وقت میں داؤد کے لئے صداقت کی شاخ پیدا کرونگا اور وہ ملک میں عدالت وصداقت سے عمل کریگا۔
16اُن دِنوں میں یہوداہ نجات پائیگا ور یروشلیم سلامتی سے سکونت کریگا اور خداوند ہماری صداقت اُسکا نام ہو گا۔
17کیونکہ خداوند یوں فرماتا ہے ہے کہ اِسراؔ ئیل کے گھرانے کے تخت پر بیٹھنے کے لئے داؤد کو کبھی آدمی کی کمی نہ ہو گی ۔
18اور نہ لاوی کاہنوں کو آدمیوں کی کمی ہو گی جو میرے حضور سوختنی قربانیاں گذرانیں اور ہدئے چڑھائیں اور ہمیشہ قربانی کریں۔
19پھر خداوند کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہوا۔
20خداوند یوں فرماتا ہے کہ اگر تم میرا وہ عہد جو میں نے دن سے اور رات اپنے اپنے وقت پر نہ ہوں ۔
21تو میرا وہ عہد بھی جو میں نے اپنے خادم داؤد سے کیا ٹوٹ سکتا ہے کہ اُسکے تخت پر بادشاہی کرنے کو بیٹا نہ ہوا ور وہ عہد بھی جو اپنے خدمتگذار لاوی کاہنوں سے کیا ۔
22جیسے اجرام فلک بے شمار ہیں اور سمندر کی ریت بے اندازہ ہے ویسے ہی میں اپنے بندہ داؤد ؔ کی نسل کو اور لاویوں کو جو میری خدمت کرتے ہیں فراوانی بخشو نگا ۔
23پھر خداوند کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہوا۔
24کہ کیا تو نہیں دیکھتا کہ یہ لوگ کیا کہتے ہیں کہ جن دوگھرانوں کو خداوند نے چنا اُنکو اُس نے رّد کر دیا ؟ یوں وہ میرے لوگوں کو حقیر جانتے ہیں کہ گویا اُنکے نزدیک وہ قوم ہی نہیں رہے ۔
25خداوند یوں فرماتا ہے کہ اگر دن رات کے ساتھ میرا عہد نہ ہو اور اگر میں نے آسمان اور زمین کا نظام مُقرر نہ کیا ہو ۔
26تو میں یعقوب کی نسل کو اور اپنے خادم داؤ د کی نسل کو ردّکر دؤنگا تا کہ میں ابرہام اور اضحاق اور یعقوب کی نسل پر حکومت کرنے کے لئے اُسکے فرزندوں میں سے کسی کو نہ لُوں بلکہ میں تو اُنکو اسیری سے واپس لاؤنگا اور اُن پر رحم کرونگا۔