Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
31 verses
1اب یروشیلم کے کُوچوں میں اِدھر اُدھر گشت کرو اور دیکھو اور دریافت کرو اور اُسکے چوکوں میں ڈھونڈو اگر کوئی آدمی وہاں ملے جو اِنصاف کرنے والا اور سّچائی کا طالب ہو تو میں اُسے معاف کُرونگا۔
2اور اگرچہ وہ کہتے ہیں زندہ خداوند کی قسم تو بھی یقیناًوہ جھوٹی قسم کھاتے ہیں۔
3اَے خداوند ! کیا تیری آنکھیں سّچائی پر نہیں ہیں؟ تو نے اُنکو مارا ہے پر اُنہوں نے افسوس نہیں کیا ۔ تو نے اُنکو غارت کیا پر وہ تربیت پذیر نہ ہوئے اُنہوں نے اپنے چہروں کو چٹان سے بھی زیادہ سخت بنایا ۔ اُنہوں نے واپس آنے سے انکار کیا ہے۔
4تب میں نے کہا کہ یقیناًیہ بیچارے جاہل ہیں کیونکہ یہ خداوند کی راہ اور اپنے خدا کے احکام کو نہیں جانتے۔
5میں بُزرگوں کے پاس جا ؤنگا اور اُن سے کلا م کُرونگا کیونکہ وہ خداوند کی راہ اور اپنے خدا کے احکلام کو جانتے ہیں لیکن اِنہوں نے جو ا بالکل توڑ ڈالا اور بندھنوں کے ٹکڑے کر ڈالے ۔
6اِسلئے جنگل کا شیر ببر اُنکو پھاڑ یگا ۔ بیابان کا بھیڑیا اُنکا ہلاک کریگا۔ چیتہ اُنکے شہروں کی گھات میں بیٹھا رہیگا ۔ جو کوئی اُن میں سے نکلے پھاڑا جا ئیگا کیونکہ اُنکی سرکشی بہت ہُوئی اور اُنکی برگشتگی بڑھ گئی ۔
7میں تجھے کیونکر مُعاف کُروں ؟ تیرے فرزندوں نے مجھ کو چھوڑا اور اُنکی قسم کھائی جو خدا نہیں ہیں جب میں نے اُنکو سیر کیا تو انہو ں نے بدکاری کی اور پرے باندھکر قحبہ خانوں میں اِکٹھے ہُوئے ۔
8وہ پیٹ بھرے گھوڑوں کی مانند ہو گئے ۔ ہر ایک صُبح کے وقت اپنے پڑوسی کی بیوی پر ہنہنانے لگا۔
9خداوند فرماتا ہے کیا میں اِن باتوں کے لئے سزانہ دُونگا اور کیا میری رُوح اَیسی قوم سے اِنتقام نہ لیگی ؟۔
10اُسکی دِیواروں پر چڑھ جاؤ اور توڑ ڈالو لیکن بالکل برباد نہ کرو ۔ اُسکی شاخیں کاٹ دو کیونکہ وہ خداوند کی نہیں ہیں۔
11اِسلئےِ کہ خداوند فرماتا ہے اِسرائیل کے گھرانے اور یہوادہؔ کے گھرانے نے مجھ سے نہایت بیوفائی کی۔
12اُنہوں نے خداوند کا اِنکار کیا اور کہا کہ وہ نہیں ہے ۔ ہم پر ہرگز آفت نہ آئیگی اور تلوار اور کال کو ہم نہ دیکھینگے۔
13اور نبی محض ہوا ہو جائینگے اور کلام اُن میں نہیں ہے۔ اُنکے ساتھ اَیسا ہی ہوگا۔
14پس اِسلئے کہ تم یوں کہتے ہو خداوند رب اِلافواج ےُوں فرماتا ہے کہ دیکھ میں اپنے کلام کو تیرے مُنہ میں آگ اور اِن لوگوں کو لکڑی بناؤ نگا۔ اور وہ اِنکو بھسم کر دیگی ۔
15اَے اِسرائیل کے گھرانے دیکھ میں ایک قوم کو دور سے تجھ پر چڑھا لاؤنگا خداوند فرماتا ہے۔ وہ زبردست قوم ہے ۔ وہ قدیم قوم ہے۔ وہ اَیسی قوم ہے جسکی زبان تو نہیں جانتا اور اُنکی بات کو تو نہیں سمجھتا ۔
16اُنکے ترکش کُھلی قبریں ہیں۔ وہ سب بہادر مرد ہیں۔
17اور وہ تیری فصل کا اناج اور تیری روٹی جو تیرے بیٹوں اور بیٹیوں کے کھانے کی تھی کھا جائینگے ۔ تیرے گائے بیل اور تیری بھیڑ بکریوں کو چٹ کر جائینگے تیرے انگور اور انجیر نگل جائینگے۔ تیرے حصین شہروں کو جن پر تیرا بھروسا ہے تلوار سے ویران کردینگے ۔
18لیکن خداوند فرماتا ہے اُن ایام میں بھی میں تم کو بالکل برباد نہ کرونگا ۔
19اور یوں ہو گا کہ جب وہ کہینگے کہ خداوند ہمارے خدا نے یہ سب کچھ ہم سے کیوں کیا؟ تو تو اُن سے کہیگا کہ جس طرح تم نے مجھے چھوڑ دِیا اور اپنے ملک میں غیر معبودوں کی عبادت کی اُسی طرح تم اُس ملک میں جو تمہارا نہیں ہے اجنبیوں کی خدمت کرو گے۔
20یعقوب کے گھرانے میں اِس بات کا اِشتہار دو اور یہوداہؔ میں اِسکی منادی کرو اور کہو ۔
21اب ذرا سُنو اَے نادان اور بے عقل لوگو جو آنکھیں رکھتے ہو پر دیکھتے نہیں ۔ جو کان رکھتے ہو پر سُنتے نہیں۔
22خداوند فرماتا ہے کہ کیا تم مجھ سے نہیں ڈرتے؟ کیا تم میرے حضور میں تھرتھراؤ گے نہیں جس نے ریت کو سمندر کی حد پر ابدی حکم سے قائم کیا کہ وہ اُس سے آگے نہیں بڑھ سکتا اور ہر چند اُسکی لہریں اُچھلتی ہیں تو بھی غالب نہیں آتیں اور ہر چند شور کرتی ہیں تو بھی اُس سے تجاؤز نہیں کر سکتیں؟۔
23لیکن اِن لوگوں کے دِل باغی اور سرکش ہیں۔ اِنہوں نے سرکشی کی اور دُور ہو گئے ۔
24اِنہوں نے اپنے دِل میں نہ کہا کہ ہم خداوند اپنے خدا سے ڈریں جو پہلی اور پچھلی برسات وقت پر بھیجتا ہے اور فصل مُقررہ ہفتوں کو ہمارے لئے مُوجودہ کر رکھتا ہے۔
25تمہاری بدکرداری نے اِن چیزوں کو تم سے دُور کر دیا اور تمہارے گُناہوں نے اچھی چیزوں کو تم سے با زرکھا ۔
26کیونکہ میرے لوگوں میں شریر پائے جاتے ہیں۔ وہ پھندا لگانے والوں کی مانند گھات میں بیٹھتے ہیں۔ وہ جال پھیلاتے اور آدمیوں کو پکڑتے ہیں۔
27جیسے پنجرا چڑیوں سے بھرا ہو وَیسے ہی اُنکے گھر مکر سے پُر ہیں۔ پس وہ بڑے اور مالدار ہو گئے ۔
28وہ موٹے ہو گئے ۔ وہ چکنے ہیں ۔ وہ بُرے کاموں میں سبقت لے جاتے ہیں ۔ وہ فریاد یعنی یتیموں کی فریاد نہیں سُنتے تا کہ اُنکا بھلا ہو اور محتاجوں کا اِنصاف نہیں کرتے ۔
29خداوند فرماتا ہے کیا میں اِن باتوں کے لئے سزا نہ دُونگا؟ اور کیا میری رُوح اَیسی قوم سے اِنتقام نہ لیگی؟۔
30ملک میں ایک حیرت افزا ہولناک بات ہوئی ۔
31نبی جھوٹی نبوت کرتے ہیں اور کاہن اُنکے وسیلہ سے حکمرانی کرتے ہیں اور میرے لوگ اَیسی حالت کو پسند کرتے ہیں۔ اب تم اِسکے آخر میں کیا کرو گے ؟۔