Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
16 verses
1اس کے بہت دنوں بعد جب خداوند نے بنی اسرائیل کو ان کے سب گردا گرد کے دشمنوں سے آرام دیا اور یشوع بڈھا اور عم رسیدہ ہوا ۔
2تو یشوع نے سب اسرائیلیوں اور ان کے بزرگوں اور سرداروں اور قاضیوں اور منصبداروں اور بلواکر ان سے کہا کہ میں بڈھا اور عمر رسیدہ ہوں ۔
3اور جو کچھ خداوند تمہارے خدا نے تمہارے سبب سے ان سب قوموں کے ساتھ کیا وہ سب تم دیکھ چکے ہو کیونکہ خداند تمہارے خدا نے آپ تمہارے لئے جنگ کی ۔
4دیکھو میں نے قرعہ ڈال کر ان باقی قوموں سمیت جنکو میں نے کاٹ ڈالا یردن سے لیکر مغرب کی طرف بڑے سمندر تک تمہارے قبیلوں کی میراث ٹھہریں ۔
5اور خداوند تمہارا خدا ہی انکو تمہارے سامنے سے نکالے گا اور تمہاری نظر سے انکو دور کردیگا اور تم ان کے ملک پر قابض ہو گے جیساخداوند تمہارے خدا نے تم سے کہا ہے ۔
6سو تم خوب ہمت باندھ کر جو کچھ موسیٰ کی شریعت کی کتاب میں لکھا ہے اس پر چلنا اور عمل کرنا تاکہ تم اس سے دہنے یا بائیں ہاتھ کونہ مڑ و۔
7اور ان قوموں میں جو تمہارے درمیان ہنوز باقی ہیں نہ جاﺅ اور نہ انکے دیوتاﺅں کے نام کا ذکر کرو اور نہ ان کی قسم کھلاﺅ اور نہ ان کی پرستش کرو اور نہ انکو سجدہ کرو ۔
8بلکہ خداوند اپنے خدا سے لپٹے رہو جیسا تم نے آج تک کیا ہے ۔
9کیونکہ خداوند نے بڑی بڑی اور زور آور قوموں کو تمہارے سامنے سے دفع کیا بلکہ تمہارا یہ حال رہا کہ آج تک کوئی آدمی تمہارے سامنے ٹھہر نہ سکا ۔
10تمہارا ایک ایک مرد ایک ایک ہزار کو رگیدے گا کیونکہ خداوند تمہارا خدا ہی تمہارے لئے لڑتا ہے جیسا اس نے تم سے کہا ۔
11پس تم خوب چوکسی کرو کہ خداوند اپنے خدا سے محبت رکھو ۔
12ورنہ اگر تم کسی طرح برگشتہ ہو کر ان قوموں کے بقیہ سے یعنی ان سے جو تمہارے درمیان باقی ہیں شیرو شکر ہو جاﺅ اور ان کے ساتھ بیاہ شادی کرو اور ان سے ملو اور وہ تم سے ملیں ۔
13تو یقین جانو کہ خداوند تمہارا خدا پھر ان قوموں کو تمہارے سامنے سے دفع نہیں کریگا بلکہ یہ تمہارے لئے جال اور پھندا اور تمہارے پہلوﺅں کے لئے کوڑے اورر تمہاری آنکھوں میں کانٹوں کی طرح ہونگی ۔یہاں تک کہ تم اس اچھے ملک سے جسے خداوند تمہارے خدا نے تمکو دیا ہے نابود ہو جاﺅگے۔
14اور دیکھو میں آج اسی راستے جانے والا ہوں جو سارے جہان کا ہے اور تم خوب جانتے ہو کہ ان سب اچھی باتوں میں سے جو خداوند تمہارے خدا نے تمہارے حق میں کہیں ایک بات بھی نہ چھوٹی۔ سب تمہارے حق میں پوری ہوئیں اور ایک بھی ان میں سے رہ نہ گئی ۔
15سو ایساہوگا کہ وہ سب بھلائیاں جن کا خداوند تمہارے خدا نے ذکر کیا تھا تمہارے آگے آئیں اسی طرح خداوند سب برائیاں تم پر لائے گا جب تک کہ اس اچھے ملک سے جو خداوند تمہارے خدا نے تم کو دیا ہے وہ تم کو نیست نابود نہ کر ڈالے۔
16جب تم خداوند اپنے خدا کے اس عہد کو جس کا حکم اس نے تمکو دیا توڑ ڈالو اور جا کر اور معبودوں کی پرستش اور ان کے آگے سجدہ کرنے لگو تو خداوند کا قہر تم پر بھڑکے گا اور تم اس اچھے ملک سے جواس نے تم کو دیا ہے جلد ہلاک ہو جاﺅ گے۔