Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1وہ بستی جو خلقت سے معمور تھی کیسی خالی پڑی ہے! وہ خاتو ن اِقوام بیوہ سی ہو گئی ۔وہ ملکہ ممالک با جگذار بن گئی !
2وہ رات کو زارزار روتی ہے۔اُسکے آنسو رُخساروں پر بہتے ہیں۔اُسکے چا ہنے والوں میں کوئی نہیں جو اُسے تسلی دے ۔اُسکے سب دوستوں نے اُسے دغادی ۔وہ اُسکے دُشمن ہو گئے ۔
3یہوادہ ظلم اور سخت مشقت کے سبب سے جلاوطن ہوا۔وہ اقوام کے درمیان سکونت پذیر اور بے آرام ہے۔اُسکے سب ستانے والوں نے اُسے گھاٹیوں میں جا لیا ۔
4صیون کی راہیں ماتم کرتی ہیں کیونکہ عید کے لئے کو ئی نہیں آتا۔اُسکے سب پھاٹک سُنسان ہیں اُسکے کاہن آہیں بھرتے ہیں۔اُسکی کنواریاں مصیبت زدہ ہیں اور وہ خود غمگین ہے
5اُسکے مخالف غالب آئے اور دشمن خوشحال ہوئے ۔ کیونکہ خداوند نے اُسکے گُناہوں کی کثرت کے باعث اُسے رنج میں ڈالا ۔اُسکی اَولاد کو دُشمن اسیری میں ہانک لے گئے ۔
6دختر صیون کی سب شان وشوکت جاتی رہی ۔اُسکے اُمرااُن ہرنوں کی مانند ہوگئے جنکو چراگاہ نہیں ملتی اور شکار یوں کے سامنے عاجز ہو جاتے ہیں
7یروشلیم کو اپنے رنج ومصیبت کے ایام میں جب اُسکے باشندے دُشمن کا شکار ہوئے اور کسی نے مدد نہ کی اپنی گذشتہ زمانہ کی سب نعمتیں یاد آئیں۔ دُشمنوں نے اُسے دیکھکر اُسکی بربادی پر ہنسی اُڑائی ۔
8یروشلیم سخت گُناہ کرکے نجس ہوگیا ۔جو اُسکی تعظیم کرتے تھے سب اُسے حقیر جا نتے ہیں کیونکہ اُنہوں نے اُسکی برہنگی دیکھی ۔ہاں وہ خود آہیں بھرتا اور منہ پھیرلیتا ہے۔
9اُسکی نجاست اُسکے دامن میں ہے ۔اُس نے اپنے انجام کا خیال نہ کیا۔اِسلئے وہ نہایت پست ہوا اور اُسے تسلی دینے والا کوئی نہ رہا اَے خداوند میری مصیبت پر نظر کر کیونکہ دُشمن نے گھمنڈ کیا ہے ۔
10دُشمن نے اُسکی تمام نفیس چیزوں پر ہاتھ بڑھایا ہے ۔اُس نے اپنے مقدس میں اقوام کو داخل ہوتے دیکھا ہے جنکی بابت تو نے فرمایا تھا کہ وہ تیری جماعت میں داخل نہ ہوں
11اُسکے سب باشندے کراہتے اور روٹی ڈھونڈتے ہیں۔اُنہوں نے اپنی نفیس چیزیں دے ڈالیں تاکہ روٹی سے تازہ دم ہوں اَے خداوند مُجھ پر نظر کر کیونکہ میں ذلیل ہوگیا۔
12اَے سب آنے جانے والو! کیا تمہارے نزدیک یہ کچھ نہیں ؟نظر کرو اور دیکھو ! کیا کوئی غم میرے غم کی مانند ہے جو مجھ پر آیا ہے جسے خداوند نے اپنے قہر شدید کے وقت نازل کیا؟
13اُس نے عالم بالا سے میری ہڈیوں میں آگ بھیجی اور وہ اُن پر غالب آئی ۔اُس نے میرے پاؤں کے لئے دام بچھایا ۔اُس نے مجھے پیچھے لوٹایا۔اُس نے مجھے دِن بھر ویران وبیتاب کیا۔
14میری خطاؤں کا جُوا اُسی کت ہاتھ سے باندھا گیا ہے۔وہ باہم پیچیدہ میری گردن پر ہے ۔اُس نے مجھے ناتواں کر دیا ہے۔خداوند نے مجھے اُنکے حوالہ کیا ہے جنکے مقابلہ کی مجھ میں تاب نہیں ۔
15خداوند نے میرے اندر ہی میرے بہادروں کو ناچیز ٹھہرایا۔اُس نے میرے خلاف ایک خاص جماعت کو بُلایا کہ میرے بہادروں کو کچلے ۔خداوند نے یہوداہ کی کنواری بیٹی کو گویا کولھویں کُچل ڈالا۔
16اِسی لئے میں گریان ہوں ۔میری آنکھیں اشکبار ہیں کیونکہ تسلی دینے والا جو میری جان کو تازہ کرے مُجھ سے دُور ہے۔میرے بال بچے بیکس ہیں کیونکہ دُشمن غالب آگیا ۔
17صیون نے ہاتھ پھیلائے ۔اُسے تسلی دینے والا کوئی نہیں یعقوب کی بابت خداوند نے حکم دیا ہے کہ اُسکے اِردگرد والے اُسکے دُشمن ہوں ۔یروشلیم اُنکے درمیان نجاست کی مانند ہے۔
18خداوند صادق ہے کیونکہ میں نے اُسے حکم سے سرکشی کی ہے ۔اَے سب لوگومیں منت کرتا ہوں سُنواور میرے دُکھ پر نظر کرو میری کنواریاں اور میرے جوان اسیر ہو کر چلے گئے۔
19میں نے اپنے دوستوں کو پُکارا ۔ اُنہوں نے مجھے دغادی میرے کاہن اور بُزرگ اپنی جان کو تازہ کرنے کے لئے شہر میں کھانا ڈھونڈتے ڈھونڈتے ہلاک ہو گئے۔
20اَے خداوند دیکھ تباہ حال ہوں ۔میرے اندر پیچ و تاب ہے۔میرا دِل میرے اندر مضطرب ہے کیونکہ میں سخت بغاوت کی ہے ۔باہر تلوار بے اَولاد کرتی ہے اور گھر میں موت کا سامنا ہے
21اُنہوں نے میری آہیں سُنی ہیں ۔مجھے تسلی دینے والا کوئی نہیں۔میرے سب دُشمنوں نے میری مصیبت سُنی ۔ وہ خوش ہیں کہ تو نے اَیسا کیا ۔ تو وہ دِن لائیگا جسکا تو نے اِعلان کیا ہے اور وہ میری مانند ہو جائینگے ۔
22اُنکی تمام شرارت تیرے سامنے آئے۔اُن سے وہی کر جو تو نے میری تمام خطاؤں کے باعث مُجھ سے کیا ہے۔کیونکہ میری آہیں بیشمار ہیں اور میر ا دل نڈھال ہے ۔