Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1خداوند نے اپنے قہر میں دُخترصُیون کو کیسا بادل سے چھپادِیا ! اُس نے اِسرائیل کے جمال کو آسمان سے زمین پر گرادیا اور اپنے قہر کے دن اپنے پاؤں کی چوکی کو یاد نہ کیا۔
2خداوند نے یعقوب کے تما م گھرغارت کئے اور رحم نہ کیا اُس نے اپنے قہر میں دُخترِیہوداہ کے تمام قلعے گراکر خاک میں ملا دِئے۔اُس نے مملکت اور اُسکے اُمرا کو ناپاک ٹھہرایا۔
3اُس نے قہر شدید میں اِسرائیل کا سینگ بالکل کاٹ ڈالا ۔اُس نے دُشمن کے سامنے سے دہنا ہاتھ کھینچ لیا اور اُس نے شعلہ زن آگ کی طرح جو چاروں طرف بھسم کرتی ہے یعقوب کو جلا دیا۔
4اُس نے دُشمن کی طرح کمان کھینچی ۔مخالف کی طرح دہنا ہاتھ بڑھایا۔اور دُختر صیون کے خیمہ میں سب حسینوں کو قتل کیا ۔اُس نے اپنے قہر کی آگ کو اُنڈیل دیا۔
5خداوند دُشمن کی مانند ہوگیا ۔وہ اِسرائیل کو نگل گیا ۔وہ اُسکے تمام قصروں کو نگل گیا ۔اُ س نے اُسکے قلعے مسمار کردئے۔اور اُس نے دختر یہوداہ میں ماتم و نوحہ فراوان کر دیا۔
6اور اُس نے اپنے مسکن کو یک لخت تباہ کردیا گویا خیمہ باغ تھا۔اور اپنے مجمع کے مکان کو برباد کردیا ۔ خداوند نے مقدس عیدوں اور سبتوں کو صیون سے فراموش کرادیا۔اور اپنے قہر کے جوش میں بادشاہ اور کاہن کو ذلیل کیا۔
7خداوند نے اپنے مذبح کو رد کیا ۔اُس نے اپنے مقدس سے نفرت کی۔اُسکے قصروں کی دیواروں کو دُشمن کے حوالہ کردیا۔اُنہوں نے خداوند کے گھر میں اَیسا شور مچایا جیسا عید کے دن ۔
8خداوندنے دُخترصیون کی فصل گرانے کا اِرادہ کیا ہے۔اُس نے ڈوری ڈالی ہے اور برباد کرنے سے دست بردار نہیں ہوا۔اُس نے فصل اور دیوار کو مغموم کیا ۔وہ باہم ماتم کرتی ہیں۔
9اُسکے دروازے زمین میں غرق ہوگئے۔اُس نے اُسکے بینڈوں کو توڑکر برباد کر دیا۔ اُسکے بادشاہ اور اُمرا بے شریعت اِقوام میں ہیں ۔ اُسکے بنی بھی خداوند کی طرف سے کوئی رویا نہیں دیکھتے۔
10دُخترصِیون کے بُزرگ خاک نشین اور خاموش ہیں ۔وہ اپنے سروں پر خاک ڈالتے اور ٹاٹ اوڑھتے ہیں ۔یروشلیم کی کنواریاں زمین تک سر نگون ہوتی ہیں۔
11میری آنکھیں روتے روتے دُھندلا گئیں ۔میرے اندر پیچ و تاب ہے۔میری دُختر قوم کی بربادی کے باعث میرا کلیجہ نکل آیا ۔کیونکہ چھوٹے بچے اور شیر خوار شہر کے کوچوں میں بہوش ہیں ۔
12جب وہ شہر کے کوچوں میں کے زخمیوں کی طرح غش کھاتے اور جب اپنی ماں کی گود میں جان بلب ہوتے ہیں تو اُن سے کہتے ہیں کہ غلہ اور مے کہاں ہے؟
13اَے دختر یروشلیم میں تجھے کیا نصیحت کروں اور کس سے تشبیہ دُوں اَے کنواری دُختر صِیون تجھے کسکی مانند جان کر تسلی دُوں ؟کیونکہ تیرا زخم سُمندر سا بڑا ہے تجھے کون شفا دیگا؟
14تیرے نبیوں نے تیرے لئے باطل اور بہودہ رویا دِیکھیں اور تیری بدکرداری ظاہر نہ کی تاکہ تجھے اِسیری سے واپس لاتے بلکہ تیرے لئے جھوٹے پیغام اور جلاوطنی کے سامان دیکھے ۔
15سب آنے جانے والے تجھ پر تالیاں بجاتے ہیں ۔وہ دُختر یروشلیم پر سُسکارتے اور سر ہلاتے ہیں کہ کیا یہ وہی شہر ہے جسے لوگ کمالِ حُسن اور فرحت جہان کہتے تھے؟
16تیرے سب دُشمنوں نے تجھ پر منہ پسارا ہے۔وہ سُسکارتے اور دانت پیستے ہیں۔وہ کہتے ہیں ہم اُسے نگل گئے۔بیشک ہم اِسی دِن کے منتظر تھے سو�آ پہنچا اور ہم نے دیکھ لیا
17خداوند نے جو ٹھانا وُہی کیا ۔اُس نے اپنے کلام کو جو ایام قدیم میں فرمایا تھا پُورا کیا۔اُس نے گرادیا اور رحم نہ کیا اور اُس نے دشمن کو تجھ پر شادمان کیا۔اُس نے تیرے مُخالفوں کا سینگ بلند کیا۔
18اُنکے دِلوں نے خداوند سے فریاد کی ۔اَے دُخترصِیون کی فصیل شب وروزآنسونہر کی طرح جاری رہیں ۔تو بالکل آرام نہ لے۔تیری آنکھ کی پتلی آرام نہ کرے ۔
19اُٹھ رات کو پہروں کے شروع میں فریاد کر۔خداوند کے حضور اپنا دِل پانی کی مانند اُنڈیل دے ۔اپنے بچوں کی زندگی کے لئے جو سب کوچوں میں بھُوک سے بہوش پڑے ہیں اُسکے حضور میں دست دُعا بلند کر
20اَے خداوند نظر کر اور دیکھ کہ تو نے کس سے یہ کیا!کیا عورتیں اپنے پھل یعنی اپنے لاڈلے بچوں کو کھائیں ؟کیا کاہن اور بنی خداوند کے مقدس میں قتل کئے جائیں ؟
21پیرو جوان گلیوں میں خاک پر پڑے ہیں۔ میری کنواریاں اور میرے جوان تلوار سے قتل ہوئے تو نے اپنے قہر کے دِن اُنکو قتل کیا ۔تونے اُنکو کاٹ ڈالا اور رحم نہ کیا ۔
22تونے میری دہشت کو ہر طرف سے گویا عید دِن بُلا لیا اور خداوند کے قہر کے دن نہ کوئی بچانہ باقی رہا۔جنکو میں نے گود میں کھلایا اور پالا پوسا میرے دُشمنوں نے فنا کردیا۔