Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
36 verses
1اور خداوند نے موسی سے کہا۔
2ہارون اور اسکے ساتھ اسکے بیٹوں کو اور لباس کو اور مسح کرنے کے تیل کو اور خطا کی قربانی کے بچھڑے اور دونوں مینڈھوں اور بے خیمری روٹیوں کی ٹوکری کو لے۔
3اور ساری جماعت کو خیمہ اجتماع کے دروازہ پر جمع کر۔
4چنانچہ وسی نے خداوند کے حکم کے مطابق عمل کیا اورساری جماعت خیمہ اجتماع کے دروازہ پر جمع ہوئی۔
5تب موسی نے جماعت سے کہا یہ وہ کام ہے جسکے کرنے کا حکم خداوند نے دیا ہے۔
6پھر موسی ہارون اور اسکے بیٹوں کو آگے لایا اور انکو پانی سے غسل دلایا۔
7اور اسکو کرتا پہنا کر اس پر کمر بند لپیٹا اور اسکو جبہ پہنا کر اس پر افود لگایا اور افود کے کاریگری سے بنے ہوئے کمر بند کو اس پر لپیٹا اور اسی سے اسکو اوپر کس دیا۔
8اور سینہ بند کو اسکے اوپر لگا کر سینہ بند میں اوریم اور تمیم لگادئے۔
9اور اسکے سر پر عمامہ رکھا اور عمامہ پر سامنے سونے کے پتر یعنی مقدس تاج کو لگایا جیسا خداوند نے موسی کو حکم کیا تھا۔
10اور موسی نے مسح کرنے کا تیل لیا اور مسکن کو جو اس میں تھا سب کو مسح کر کے مقدس کیا۔
11اور اس میں سے تھوڑا سا لیکر مذبح پر سات بار چھڑکا اور مذبح اور اسکے سب ظروف کو اور حوض اور اسکی کرسی کو مسح کیا تاکہ انہیں مقدس کرے۔
12اور مسح کرنے کے تیل میں سے تھوڑا سا ہارون کے سر پر ڈالا اور اسے مسح کیا تاکہ وہ مقدس ہو۔
13پھر موسی ہارون کے بیٹوں کو آگے لایا اور انکو کرتے پہنائے اور ان پر کمر بند لپیٹے اور انکو پگڑیاں پہنائیں جیسا خداوند نے موسی کو حکم کیاتھا۔
14اور وہ خطا کی قربانی کے بچھڑےکو آگے لایا اور ہارون اور اسکے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ خطا کی قربانی کے بچھڑے کے سر پر رکھے۔
15پھر اس نے اسکو ذبح کیا اور موسی نے خون کو لیکرمذبح کے گردا گرد اسکے سینگوں پر اپنی انگلی سے لگایا اور مذبح کو پاک کیا اور باقی خون مذبح کے پایہ پر انڈیل کر اسکا کفارہ دیا تاکہ وہ مقدس ہو۔
16اور موسی نے انتڑیوں کے اوپر کی ساری چربی اور جگر پر کی جھلی اوردونوں گردوں اور انکی چربی کو لیا اور نہیں مذبح پر جلایا۔
17لیکن بچھڑے کو اسکی کھال اور گوشت اور گوبر سمیت لشکر گاہ کے باہر آگ میں جلایا جیسا خداوند نے موسی کو حکم کیا تھا۔
18پھر اس نے سوختنی قربانی کے مینڈھے کو حاضر کیا اور ہارون اور اسکے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اس مینڈھے کے سر پر رکھے۔
19اور اس نےاسکوذبح کیا اور موسی نے خون کو مذبحکے اوپر گردا گرد چھڑکا۔
20پھر اس نے مینڈھے کے عضو عضو کو کاٹ کر الگ کیا اور موسی نے سر اور اعضا اور چربی کو جلایا۔
21اور اس نے انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھویا اور موسی نے پورے مینڈھے کو مذبح پر جلایا۔یہ سوختنی قربانی راحت انگیز خوشبو کے لئے تھی۔یہ خداوند کی آتشین قربانی تھی جیسا خداوند نے موسی کو حکم کیا تھا۔
22اور اس نے دوسرے مینڈھے کو جو تخصیصی مینڈھا تھا حاضر کیا اور ہارون اور اسکے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اس مینڈھے کے سر پر رکھے۔
23اور اس نے اسکو ذبح کیا اور موسی نے اسکا کچھ خون لیکر اسے ہارون کے دہنے کان کی لو پر اور دہنے ہاتھ کے انگوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگوٹھے پر لگایا۔
24پھر وہ ہارون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اسی خون میں سے کچھ انکے دہنے کان کی لو پر اور دہنے ہاتھ کے انگوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگوٹھےپر لگایا اور باقی خون کو اس نے مذبح کے اوپر گرداگرد چھڑکا۔
25اور اس نے چربی اور موٹی دم اور انتڑیوں کے اوپر کی چربی اور جگر پر ک جھلی اور دونوں گردے اور انکی چربی اور دہنی ران ان سبھوں کو لیا۔
26اور بے خمیر روٹیوں کی ٹوکری میں سے جو خداوند کے حضور رہتی تھی بے خمیری روٹی کا ایک گروہ اور تیل چپڑی ہوئی روٹی کا ایک گروہ اور ایک چپاتی نکالکرانہیں چربی اور دہنی ران پر رکھا۔
27اور ان سبھوں کو ہارون اور اسکے بیٹوں کے ہوتھوں پر رکھ کر ان کو ہلانے کی قربانی کے طور پر خدوند ہلایا۔
28پھر موسی نے ان کو انکے ہاتھوں سے لے لیا اور ان کو مذبح پر سوختنی قربانی کے اوپر جلایا یہ راحت انگیز خشبو کے لئے تخصیصی قربانی تھی۔ یہ خداوندکی آتشین قربانی تھی۔
29پھر موسی نے سینہ کو لیا اور اسکو ہلانے کی قربانی کے طور پر خداوند کے حضور ہلایا۔اس تخصیصی مینڈھے میں سے یہی موسی کا حصہ تھا جیسا خداوند نے موسی کو حکم کیا تھا۔
30اور موسی نے مسح کرنے کے تیل اور مذبح کے اوپر کے خون میں سے کچھ کچھ لیکر اسے ہارون اور اسکے لباس پر اور ساتھ ہی اسکے بیٹوں پر اور انکے لباس پر چھڑکا اور ہارون اور اسکے لباس کو اور اسکے بیٹوں کو اور انکے لباس کو مقدس کیا۔
31اورموسی نے ہارون اور اسکے بیٹوں سے کہا کہ یہ گوشتخیمہ اجتماع کے دروازہ پر پکاؤ اور اسکو وہیں اس روٹی کے ساتھ جو تخصیصی ٹوکری میں ہے کھاؤ جیسا میں نے حکم کیا ہے کہ ہارون اور اسکے بیٹے کھائیں۔
32اور اسگوشت اور روٹی میں سسے جو کچھ بچ رہے اسے آگ میں جلادینا۔
33اور جب تک تمہاری تخصیص کے ایام پورے نہ ہوں تب تک یعنی سات دن تک وہ تمہاری تخصیص کرتا رہیگا۔
34جیسا آج کیا گیا ہے ویسا ہی کرنے کا حکم خداوند نے دیا ہے تاکہ تمہارے لئے کفارہ ہو۔
35سو تم خیمہ اجتماع کے دروازہ پر سات روز تک دن رات ٹھہرے رہنا اور خداوند کے حکم کو مننا تاکہ تم مر نہ جاؤ کیونکہ ایسا ہی حکم مجھ کو ملا ہے۔
36پس ہارون اور اسکے بیٹوں نے سب کام خداوند کے حکم کے مطابق کیا جو اس نے موسی کی معرفت دیا تھا۔