Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
31 verses
1اُ س دن انہوں نے لوگوں کو موسیٰ کی کتاب میں سے پڑھکر سُنایا اور اُس میں یہ لکھا ملا کہ عمونی اور موآبی خدا کی جماعت میں کبھی نہ آنے پائیں۔
2اِسلئے کہ وہ روٹی اور پانی لیکر بنی اِسرائیل کے استقبال کو نہ نکلے بلکہ بلعام کو اُنکے خلاف اُجرت پر بُلایا تا کہ اُن پر لعنت کرے پر ہمارے خدا نے اُس لعنت کو برکت سے بدل دیا۔
3اور ایسا ہوا کہ شریعت کو سُنکر اُنہوں نے ساری ملی جلی بھیڑ کو اِسرائیل سے جدا کر دیا۔
4اس سے پہلے اِلیاسب کاہن نے جو ہمارے خدا کے گھر کی کوٹھریوں کا مختار تھا طوبیاہ کا رشتہ دار ہونے کی وجہ سے۔
5اُسکے لئے ایک بڑی کوٹھری تیار کی تھی جہاں پہلے نذر کی قربانیاں اور لُبان اور برتن اور اناج کی اور مے کی اورتیل کی دہ یکیاں جو حکم کے مطابق لاویوں اور گانے والوں اور دربانوں کو دی جاتی تھیں اور کاہنوں کے لئے اُٹھائی ہوئی قربانیاں بھی رکھی جاتی تھیں۔
6پر ان ایام میں میں یروشیلم میں نہ تھا کیونکہ شاہ بابل ارتخششتا کے بتیسویں برس میں بادشاہ کے پاس گیا تھا اور کچھ دنوں کے بعد میں نے بادشاہ سے رُخصت کی درخواست کی۔
7اور میں یروشیلم میںآیا اور معلوم کیا کہ خدا کے گھر کے صحنوں میں طوبیاہ کے واسطے ایک کو ٹھری تیار کرنے سے الیاسب نے کیسی خرابی کی ہے۔
8اِس سے میں نہایت رنجیدہ ہوا اِسلئے میں نے طوبیاہ کے سب خانگی سامان کو اُس کوٹھری سے باہر پھینکدیا۔
9پھر میں نے حکم دیا اور انہوں نے ان کوٹھریوں کو صاف کیا اور میں خدا کے گھر کے برتنوں اور نذر کی قر بانیوں اور لبان کو پھر وہیں لے آیا۔
10پھر مجھے معلوم ہوا کہ لاویوں کے حصے اُن کو نہیں دئے گئے اِسلئے خدمتگذار لاوی اورگانے والے اپنے اپنے کھیت کو بھاگ گئے ہیں۔
11تب میں نے حاکموں سے جھگڑا کر کہا کہ خدا کا گھر کیوں چھوڑ دیا گیا ہے ؟ اور میں نے اُنکو اِکٹھا کرکے اُنکو اُنکی جگہ پر مقرر کیا ۔
12تب سب اہل یہوداہ نے اناج اور مے اور تیل کا دسواں حصہ خزانوں میں داخل کیا۔
13اور میں نے سلمیاہ کاہن اور صدوق فقیہ اور لاویو ں میں سے فد ایاہ کو خزانوں کے خزانچی مقرر کیا اور حنان بن زکور بن متنیاہ اُنکے ساتھ تھا کیونکہ وہ دیانتدار مانے جاتے تھے اور اپنے بھائیوں میں بانٹ دینا انکا کام تھا۔
14اَے میرے خدا اِسکے لئے مجھے یا د کر اور میرے نیک کاموں کو جو میں نے اپنے خدا کے گھر اور اسکی رسوم کے لئے کئے مٹا نہ ڈال۔
15ان ہی دنوں میں میں نے یہوادہ میں بعض کو دیکھا جو سبت کے دن حوضوں میں پاؤں سے انگور کچل رہے تھے اور پولے لاکر اُنکو گدھوں پر لادتے تھے ۔اسی طرح مے اور انگور اور انجیر اور ہر قسم کے بو جھ سبت کو یروشیلم میں لاتے تھے اور جس دن وہ کھانے کی چیزیں بیچنے لگے میں نے انکوٹوکا۔
16اور وہاں صور کے لوگ بھی رہتے تھے جو مچھلی اور ہر طرح کا سامان لا کر سبت کے دن یروشیلم میں یہوداہ کے لوگوں کے ہاتھ بیچتے تھے۔
17تب میں نے یہوادہ کے اُمرا سے جھگڑا کر کہا یہ کیا بُرا کام ہے جو تم کرتے اور سبت کے دن کی بے حرمتی کرتے ہو ؟۔
18کیا تمہارے باپ دادا نے ایسا ہی نہیں کیا یہ کیا ہمارا خدا ہم پر اور اس شہر پر سب آفتیں نہیں لایا؟ تو بھی تم سبت کی بے حرمتی کرکے اِسرائیل پر زیادہ غضب لاتے ہو۔
19سو جب سبت سے پہلے یروشیلم کے پھاٹکوں کے پاس اندھیرا ہونے لگا تو میں نے حکم دیا کہ پھاٹک بند کر دئے جائیں اور حکم دے دیا کہ جب تک سبت گذر نہ جائے وہ نہ کھلیں اور میں نے اپنے چند نوکروں کو پھاٹکوں پر رکھا کہ سبت کے دن کوئی بوجھ اندر آنے نہ پائے۔
20سو بیوپاری اور طرح طرح کے مال کے بیچنے والے ایک یاد وبار یروشیلم کے باہر ٹکے۔
21تب میں نے اُ نکو ٹوکا اور اُن سے کہا کہ تم دیوار کے نزدیک کیوں ٹک جاتے ہو؟اگر پھر ایسا کیا تو میں تم کو گرفتار کر لونگا۔ اس وقت سے وہ سبت کو پھر نہ آئے۔
22اور میں نے لاویوں کو حکم کیا کہ اپنے آپ کو پاک کریں اور سبت کے دن کی تقدیس کی غرض سے آکر پھاٹکوں کی رکھوالی کریں۔ اَے میرے خدا اِسے بھی میرے حق میں یا د کر اور اپنی بڑی ر حمت کے مطابق مجھ پر ترس کھا۔
23اُن ہی دنوں میں میں نے اُن یہودیوں کو بھی دیکھا جنہوں نے اشدُودی اور عمونیااور موآبی عورتیں بیاہ لی تھیں۔
24اور انکے بچوں کی زبان آدھی اشدُودی تھی اور وہ یہودی زبان میں بات نہیں کر سکتے تھے بلکہ ہر قوم کی بولی کے مطابق بولتے تھے۔
25سو میں نے اُن سے جھگڑا کر اُنکو لعنت کی اور اُن میں سے بعض کو مارا اور اُنکے بال نوچ ڈالے اور انکو خدا کی قسم کھلائی کہ تم اپنی بیٹیاں اُنکے بیٹوں کو نہ دینا اور نہ اپنے بیٹوں کے لئے اور نہ اپنے لئے اُنکی بیٹیاں لینا۔
26کیا شاہِ اِسرائیل سُلیمان نے اِن باتوں سے گناہ نہیں کیا؟ اگر چہ اکثر قوموں میں اُسکی مانند کوئی بادشاہ نہ تھا اور وہ اپنے خدا کا پیارا تھا اور خدا نے اُسے سارے اِسرائیل کا بادشاہ بنایا تو بھی اجنبی عورتوں نے اُسے بھی گناہ میں پھنسایا۔
27سو کیا ہم تمہاری سُنکر اَیسی بڑی بُرائی کریں کہ اجنبی عورتوں کو بیاہ کر اپنے خدا کا گناہ کریں؟۔
28اور اِلیاسب سردار کاہن کے بیٹے یویدع کے بیٹوں میں سے ایک بیٹا حورونی سنبلط کا داماد تھا اِسلئے میں نے اُسکو اپنے پاس سے بھگا دیا۔
29اَے میرے خدا اُنکو یاد کر اِسلئے کہ اُنہوں نے کہانت کو اور کہانت اور لاویوں کے عہد کو ناپاک کیا ہے۔
30یوں ہی میں نے اُنکو کل اجنبیوں سے پاک کیا اور کاہنوں اور لاویوں کے لئے اُنکی خدمت کے مطابق۔
31اور مُقررہ وقتوں پر لکڑی کے ہدئے اور پہلے پھلو ں کے لئے حلقے مُقرر کرے دِئے ۔اَے میرے خدا بھلائی کے لئے مجھے یاد کر۔