Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
23 verses
1لیکن اَیسا ہو ا کہ جب سنبلط نے سُنا کہ ہم شہر پناہ بنا رہے ہیں تو جل گیا اور بہت غصہ ہوا اور یہودیوں کو ٹھٹھوں میں اُڑانے لگا۔
2اور وہ اپنے بھائیوں اور سامریہ کے لشکر کے آگے یوں کہنے لگا کہ یہ کمزور یہودی کیا کر رہے ہیں؟ کیا یہ اپنے گرد مورچہ بندی کر ینگے؟کیا وہ قربانی چڑئینگے ؟ کیا وہ ایک ہی دن میں سب کچھ کر چُکینگے ؟کیا وہ جلے ہوئے پتھروں کو کوڑے کے ڈھیروں میں نکالکر پھر نئے کر وینگے؟۔
3اور طُوبیاہ عمونی اُسکے پاس کھڑاتھا۔سو وہ کہنے لگا جو کچھ وہ بنا رہے ہیں اگر اُس پر لومڑی چڑھ جائے تو وہ اُنکی پتھر کی شہر پناہ کو گرا دیگی ۔
4سُن لے اَے ہمارے خداکیونکہ ہماری حقارت ہوتی ہے اور اُنکی ملامت اُن ہی کے سر پر ڈال اور اسیری کے مُلک میں اُنکو غارتگروں کے حوالہ کر دے ۔
5اور اُنکی بدی کو نہ ڈھانک اور اُنکی خطا تیرے حُضور سے مٹائی نہ جائے کیونکہ اُنہوں نے معماروں کے سامنے تجھے غصہ دلایاہے۔
6غرض ہم دیوار بناتے رہے اور ساری دیوار آدھی بلندی تک جوڑی گئی کیونکہ لوگ دِل لگا کر کام کرتے تھے ۔
7پر جب سنبلط اور طوبیاہ اور عربوں اور عمونیو ں اور اشدودیوں نے سُنا کہ یروشیلم کی فصیل مرمت ہوتی جاتی ہے اور دراڑیں بند ہونے لگیں تو وہ جل گئے۔
8اور سبھوں نے ملکر بندش باندھی کہ آکر یروشیلم سے لڑیں اور وہا ں پریشانی پیدا کر دیں ۔
9پر ہم نے اپنے خدا سے دُعا کی اُنکے سبب سے دِن اور رات اُنکے مقابلہ میں پہرا بٹھائے رکھا۔
10اور یہوداہ کہنے لگا کہ بوجھ اُٹھانے والوں کا زور گھٹ گیااور ملبہ بہت ہے ۔ سو ہم دیوار نہیں بنا سکتے ہیں۔
11اور ہمارے دُشمن کہنے لگے کہ جب تک ہم اُنکے بیچ پہنچکر اُنکو قتل نہ کر ڈالیں اور کام موقوف نہ کر دیں تب تک اُنکو نہ معلوم ہوگا نہ وہ دیکھینگے ۔
12اور جب وہ یہودی جو اُنکے آس پاس رہتے تھے آئے تو اُنہوں نے سب جگہوں سے دس بار آکر ہم سے کہا کہ تم کو ہمارے پاس سے لوٹ آنا ضرور ہے۔
13اِسلئے میں نے شہر پناہ کے پیچھے کی جگہ کے سب سے نیچے حصوں میں جہاں جہاں کھلا تھالوگوں کو اپنی اپنی تلوار اور بر چھی اور کمان لئے ہوئے اُنکے گھرانوں کے مطابق بٹھادیا۔
14تب میں دیکھکر اُٹھا اور اِمیروں اور حاکموں اور باقی لوگوں سے کہا کہ تم اُن سے مت ڈرو خداوند کو جو بُررگ اور مہیب ہے یاد کرو اور اپنے بھائیوں اور بیٹے بیٹیوں اور اپنی بیویوں اور گھروں کے لئے لڑو۔
15اور جب ہمارے دُشمنوں نے سُنا کہ یہ بات ہم کو معلوم ہوگئی اور خدانے اُنکا منصوبہ باطل کر دیا توہم سب کے سب شہر پناہ کو اپنے اپنے کام پر لوٹے ۔
16اور اَیسا ہوا کہ اُس دن سے میرے آدھے نوکر کام میں لگ جاتے اور آدھے برچھیاں اور ڈھالیں اور کمانیں لئے اور بکتر پہنے رہتے تھے اور وہ جو حاکم تھے یہوداہ کے سارے خاندان کے پیچھے موجود رہتے تھے ۔
17سو جو لوگ دیوار بناتے تھے اور جو بوجھ اُٹھاتے اور ڈھوتے تھے ہر ایک اپنے ایک ہاتھ سے کام کرتاتھااور دوسرے میں اپنا ہتھیار لئے رہتا تھا۔
18اور معماروں میں سے ہر ایک آدمی اپنی تلوار اپنی کمر سے باندھے ہوئے کام کرتا تھا اور وہ جو نرسنگاپُھونکتا تھا میرے پاس رہتاتھا۔
19اور میں نے اِمیروں اور حاکموں اور باقی لوگوں سے کہا کہ کام تو بڑا اور پھیلا ہو ا ہے اور ہم دیوار پر الگ الگ ایک دوسرے سے دُور رہتے ہیں۔
20سوجدھر سے نرسنگاتم کوسُنائی دے اُدھر ہی تم ہمارے پاس چلے آنا۔ہمارا خدا ہمارے لئے لڑ یگا۔
21یوں ہم کام کرتے رہے اور اُن میں سے آدھے لوگ پوپھٹنے کے وقت سے تاروں کے دکھائی دینے تک برچھیاں لئے رہتے تھے۔
22اور میں نے اُسی موقع پر لوگوں سے یہ بھی کہہ دیا تھا کہ ہر شخص اپنے نوکر کو لیکر یروشیلم میں رات کاٹا کرے تاکہ رات کو وہ ہمارے لئے پہرا دیا کریں اور دن کو کام کریں۔
23سو نہ تو میں نہ میر ے بھائی نہ میرے نوکر اور نہ پہرے کے لوگ جو میرے پیرو تھے کبھی اپنے کپڑے اُتارتے تھے بلکہ ہر شخص اپنا ہتھیار لئے ہوئے پانی کے پاس جاتاتھا۔