Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
16 verses
1اور موسیٰ نے بنی اسرائیل کے سرداروں سے کہا کہ جس بات کا خداوند نے حکم دیا ہے وہ یہ ہے کہ
2جب کوئی مرد خداوند کی منت مانے یا قسم کھا کر اپنے اوپر کوئی خاص فرض ٹھہرائے تو وہ اپنے عہد کو نہ توڑے بلکہ جو کچھ اس کے منہ سے نکلا ہے اسے پورا کرے
3اور اگر کوئی عورت خداوند کی منت مانے اور اپنی جوانی کے دنوں میں اپنے باپ کے گھر ہوتے ہوئے اپنے اوپر کوئی فرض ٹھہرائے
4اور اسکا باپ اسکی منت اور اسکے فرض کا حال جو اس نے اپنے اوپر ٹھہرایا ہے سن کر چپ ہو رہے تو وہ سب منتیں اور سب فرض جو اس عورت نے اپنے اوپر ٹھہرائے ہیں قائم رہیں گے
5لیکن اگر اس کا باپ جس دن یہ سنے اسی دن اسے منع کرے تو اس کی منت یا کوئی فرض جو اس نے اپنے اوپر ٹھہرایا قائم نہیں رہےگا اور خداوند اس عورت کو معذور رکھے گا کیونکہ اسکے باپ نے اسے اجازت نہیں دی
6اور اگر کسی آدمی سے اس کی نسبت ہوجائے حالانکہ اس کی منیتیں یا منہ کی نکلی ہوئی بات جو اس نے اپنے اوپر فرض ٹھہرائی ہے اب تک پوری نہ ہوئی ہو
7اور اس کا آدمی یہ حال سن کر اس دن اس سے کچھ نہ کہے تو اس کی منیتں قائم رہیں گی اور جو باتیں اس نے اپنے اوپر فرض ٹھہرائی ہیں وہ بھی قائم رہیں گی
8لیکن اگر اسکا آدمی جس دن یہ سب سنے اور اسی دن اسے منع کرے تو اس نے گویا اس عورت کی منت کو اور اس کے منہ سے نکلی ہوئی بات کو جو اس نے اپنے اوپر فرض ٹھہرائی توڑ دیا اور خداوند اس عورت کو معذور رکھے گا
9پر بیوہ اور مطقہ کی منیتیں اور فرض ٹھہرائی ہوئی باتیں قائم رہیں گی
10اور اگر اس نے اپنے شوہر کے گھر ہوتے ہوئے کوئی منت مانی یا قسم کھا کر اپنے اوپر کوئی فرض ٹھہرایا ہو ۔
11اور اس کا شوہر یہ حال سن کر خاموش رہا اور اس نے اسے منع نہ کیا ہو تو اس کی منیتیں اور اس کے سب فرض جو اس نے اپنے اوپر ٹھہرائے قائم رہیں گے
12پر اگر اس کے شوہر نے جس دن یہ حال سنا اسی دن اسے باطل ٹھہرا یا ہو تو جو کچھ اس عورت کے منہ سے اسکی منتوں اور اسکے ٹھہرائے ہوئے فرض کے بارے نکلا ہے وہ قائم نہیں رہے گا اسکے شوہر نے اس کو توڑ ڈالا اور ہے اور خداوند اس عورت کو معذور رکھے گا
13اسکی ہر منت کو اور پنی جان کو دکھ دینے کی ہر قسم کو اسکا شوہر چاہے تو قائم رکھے یا اگر چاہے تو باطل ٹھہرائے
14پر اگر اسکا شوہر روز بروز خاموش ہی رہے تو وہ گویا اس کی سب منتوں اور ٹھہرائے ہوئے فرضوں کو قائم کردیتا ہے اس نے انکو قائم یوں کیا کہ جس دن سے سب سنا وہ خاموش ہی رہا
15پر اگر وہ ان کو سن کر بعد میں ان کو باطل ٹھہرائے تو وہ اس عورت کا گناہ اٹھائے گا
16شوہر اور بیوی کے درمیان اور باپ اور بیٹی کے درمیان جب بیٹی نوجوانی کے ایام میں باپ کے گھر ہو ان ہی آئین کا خداوند نے موسیٰ کو حکم دیا۔